2014ء میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد 2015ء میں بھی سپورٹس کے میگا ایونٹس کرائینگے، ڈی جی سپورٹس عثمان انور

بدھ 7 جنوری 2015 13:34

2014ء میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد 2015ء میں بھی سپورٹس کے میگا ایونٹس کرائینگے، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ 2014ء میں پنجاب یوتھ فیسٹیول، انڈو پاک پنجاب گیمز، انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد، ورلڈ کبڈی لیگ اور کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین کارکردگی کے بعد سپورٹس بورڈ پنجاب 2015ء میں بھی میگا سپورٹس ایونٹس منعقد کرائے گا، نئے سال میں چار نئی گیمز کی عمارتیں مکمل کرکے اس میں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کردی جائیں گی جن میں انٹرنیشنل سوئمنگ پول، سکوائش کورٹ، ٹینس کورٹ اور باکسنگ اکیڈمی شامل ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ 2014ء کھیلوں کے حوالے سے بھرپور گزرا جس میں سپورٹس کے بہت سے ایونٹس منعقد کئے گئے جس سے پاکستان کا دنیا بھر میں بہتر امیج قائم ہوا، سپورٹس بورڈ پنجا ب کی کو ششوں سے بین الاقوامی ٹیموں نے پاکستان آکر سپورٹس کی سرگرمیوں میں حصہ لیا، غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے بارے میں جو کچھ سن رکھا تھا یہاں آکر اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ وہ سب کچھ غلط تھا، پنجاب یوتھ فیسٹیول کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ ہمارا فیسٹیول اتنا کامیاب رہا کہ دنیا کیلئے ایک مثال بن گیا، اسے دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول قرار دیا گیا ہے جوکہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے، دنیا کے کئی ممالک اب ہم سے اس کا ماڈل مانگ رہے ہیں، بھارت نے بھی حیرت کا اظہار کیا کہ آپ نے یہ سب کچھ کیسے کرلیا ہم نے کوشش کی اور ناکام رہے، بھارت نے بھی ہم سے فیسٹیول کے حوالے سے رہنمائی مانگی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے انڈو پاک پنجاب گیمز کا بھی کامیاب انعقاد کیا، اس کے علاوہ کبڈی کے حوالے سے بھی ہم نے کافی کامیابیاں حاصل کیں، ورلڈ کبڈی لیگ میں پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی، کھلاڑیوں نے ورلد کبڈی لیگ کھیلنے سے تجربہ حاصل کیا جس کا فائدہ کبڈی ورلڈ کپ میں ہوا مردوں کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی اور خواتین کی ٹیم نے کانسی کے تمغے جیتے،انہوں نے کہا کہ 2014ء میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد نئے سال 2015ء میں نئے عزم اور نئے جذبے کیساتھ سپورٹس کی بھرپور سرگرمیوں کا آغاز کر رہے ہیں، نئے سال میں سپورٹس کے میگا ایونٹس منعقد کرانے کے علاوہ مزید چار کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں جن میں سوئمنگ، ٹینس، سکوائش اور باکسنگ شامل ہیں، ان گیمز کی عمارتیں جلد تیار ہوجائیں گی جس کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کردی جائیں گی، نئے سال کی پہلی کامیابی معروف بین الاقوامی باکسر عامر خان اور سپورٹس بورڈ پنجا ب کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہونا ہے، باکسر عامر خان نے دنیا میں پاکستان کو نئی پہچان دی ہے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ عامر خان جیسا عالمی باکسر ہمارے نوجوانوں کو ٹریننگ دے گا، جون میں باکسنگ اکیڈمی کی عمارت تیار ہوجائے گی جس کے بعد جولائی میں وہاں باکسنگ کی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی، اس کے علاوہ انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس بھی تقریباً مکمل ہو چکا ہے، نئے سال میں سوئمنگ کے بھی بین الاقوامی ایونٹس منعقد کرائیں گے۔

سکوائش اور ٹینس کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ان گیمز کے شروع ہونے سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جس سے پاکستان کا نام روشن ہوگا، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ان چاروں گیمز کے کھلاڑیوں کو تربیت عالمی معیار کے مطابق دی جائیگی تاکہ ہمارے کھلاڑی انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیں اور سبز ہلالی پرچم کو دنیا میں بلند کریں۔

اس کے علاوہ سپورٹس کے دوسرے ایونٹس بھی منععقد کرائے جائیں گے،2014ء میں درجنوں گینز ورلڈ ریکارڈ بنا کر پاکستان کا نام روشن کیا نئے سال میں مزید ایسے ایونٹس منعقد کرا رہے ہیں جس سے پاکستان کھیلوں کی دنیا میں چھا جائے گا۔