جنوبی افریقہ کے اوپنرالویرو پیٹرسن نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

بدھ 7 جنوری 2015 14:30

جنوبی افریقہ کے اوپنرالویرو پیٹرسن نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) جنوبی افریقہ کے اوپنرالویرو پیٹرسن نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا،ویسٹ انڈیز کے خلاف کیپ ٹاوٴن ٹیسٹ کے خاتمے، اور جنوبی افریقہ کے 2-0 سے سیریز جیت جانے کے بعد پیٹرسن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب بین الاقوامی سطح پر کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔کیپ ٹاوٴن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 42 رنز بنانے کے بعد دوسری باری میں صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونے والے پیٹرسن فروری 2010ء میں بھارت کے خلاف کولکتہ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پہلے ہی مقابلے میں سنچری بنا کر شہرت حاصل کی تھی۔

ٹیسٹ کیریئر میں انہوں نے مجموعی طور پر پانچ سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں بنائیں۔ وہ آئندہ چند سالوں تک کاوٴنٹی اور فرنچائز کرکٹ جاری رکھیں گے جس میں وہ سمرسیٹ، گلیمورگن اور ایسکس کی جانب سے کھیل چکے ہیں اور اب شاید لنکاشائر سے کھیلیں۔

(جاری ہے)

34 سالہ پیٹرسن کے کیریئر کا سب سے یادگار سال 2012ء تھا۔ ایک سال بعد ٹیم میں واپس آتے ہی کیپ ٹاوٴن میں سری لنکا کے خلاف 109 رنز کی اننگز اور پھر مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں 156 رنز کی باری اور سب سے بڑھ کر اگست 2012ء میں انگلستان کے خلاف ہیڈنگلے میں 182 رنز کی اننگز نے ان کی جگہ کو مضبوط کردیا۔

پیٹرسن کا کہنا ہے کہ انہوں نے سال نو پر ٹیم انتظامیہ کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کیا، جبکہ خود وہ کئی مہینوں سے اس پر غور کررہے تھے۔ "ٹیم میں نئے کھلاڑی آ رہے ہیں اور میری جگہ لینے کے لیے تیار ہیں اس لیے میرے خیال میں اب باعزت رخصتی کا وقت آ گیا ہے۔"پورٹ ایلزبتھ میں جنم لینے والے پیٹرسن جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ کے اہم ساتھی تھے۔

دونوں نے مجموعی طور پر 52 اننگز کھیلیں اور 42.36 کے عمدہ اوسط کے ساتھ کل 2113 رنز بنائے۔ لیکن اب نوجوان بلے بازوں کی آمد اور عمدہ کارکردگی کے بعد پیٹرسن خاصے دباوٴ کا شکار ہوگئے ہیں۔ گزشتہ 27 اننگز میں ایک بار بھی تہرے ہندسے کو حاصل نہ کر پانا اس دباوٴ میں مزید اضافے کا باعث بن رہا ہے اس لیے پیٹرسن نے بہتر جانا کہ وہ اب نوجوانوں کے لیے جگہ خالی کردی۔

متعلقہ عنوان :