ورلڈ کپ 2015ء:قومی ٹیم کے 15رکنی حتمی سکواڈ کا اعلان

بدھ 7 جنوری 2015 14:31

ورلڈ کپ 2015ء:قومی ٹیم کے 15رکنی حتمی سکواڈ کا اعلان

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7۔جنوری 2015ء )پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ 2015ء کی لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ،سکواڈ میں شعیب ملک ،کامران اکمل ،عمر گل اور اظہر علی شامل نہیں ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کیلئے آئند ہ ماہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سرزمین پر کھیلنے جانیوالے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان نے اپنے شاہینوں کی حتمی فہرست تیار کر لی ہے ۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر معین خان نے 15رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا ۔ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت مصباح الحق ہی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں یونس خان ، محمد حفیظ ، احمد شہزاد ، محمد عرفان ، جنید خان ، سرفراز احمد ،یاسر شاہ ،صہیب مقصود ، شاہد آفریدی ، حارث سہیل ،عمر اکمل ،احسان عادل،سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا تھا کہ ہمیں جیتنے کے لیے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنا پڑے گا ، امید ہے کہ ٹیم اچھا پر فارم کریگی۔ کامران اکمل ،شعیب ملک اور اظہر علی 15رکنی سکواڈ میں شمولیت کے لیے سلیکٹر ز کو مطمئن نہیں کرسکے ہیں جبکہ عمر گل فٹنس مسائل کے سبب سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیا ب نہیں ہوئے ہیں ،پشاور سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی سلیکٹرز کا اعتماد نہیں جیت پائے ہیں ۔