سکھر،صحافیوں نے شہر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ،حاجی محمد ہارون میمن

جمعرات 8 جنوری 2015 14:47

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 جنوری 2015ء) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ سکھر کے صحافیوں نے شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ہمیشہ سے اہم کردار ادا کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ سکھر پریس کلب اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداران اپنے فرائض نہایت ذمہ داری و دیانتداری سے ادا کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل اجاگر کرکے مظلوم و مجبور افراد کی آواز کو ایوانوں میں پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے زیر اہتمام ( تنظیمی امور اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تفصیلی غور و خوص )کے حوالے سے منعقد ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں جنرل سیکریٹری بدر رفیق قریشی، حاجی صابر قریشی، عبدالمتین بندھانی، سید محمود علی، حاجی شفیع عباسی، خواجہ جلیل، طاہر خان، فیاض خان، لالہ عابد کھوکھر سمیت تجارتی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حاجی ہارون میمن، بدر رفیق قریشی و دیگر تاجر رہنماؤں نے سکھر پریس کلب کے نومنتخب صدر لالہ اسد پٹھان، سینئر نائب صدر آصف خان لودھی، جنرل سیکرٹری خالد بانبھن جبکہ سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر شوکت نوناری، سینئر نائب صدر شہزاد تابانی، نائب صدر یاسر فاروقی، جنرل سیکرٹری جلال الدین بھیو ودیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ صحافی برادری اپنے قلم کی طاقت کے ذریعے شہریوں و تاجروں کے مسائل حل کرانے میں ماضی کی طرح بھرپور کردار ادا کریگی۔