خیرپور، صحافی غلام قادر سومرو کے بھائی کی بازیابی کیلئے سینکڑوں صحافیوں کا وزیر اعلی ہاوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ،دھرنا

جمعرات 8 جنوری 2015 17:54

خیرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء)خیرپور پریس کلب کے سابق صدر و سینئر صحافی غلام قادر سومرو کے بھائی کی بازیابی کیلئے سکھر ڈویژن کے سینکڑوں صحافیوں کا وزیر اعلی ہاوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔صحافیوں نے 15جنوری تک مغوی غلام سرور سومرو کو بازیاب کرانے کا الٹی میٹم دیدیا۔احتجاجی دھرنے میں جسقم کے کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔

15جنوری تک صحافی کے بھائی کو بازیاب نہ کرایا گیا تو مغوی کی بازیابی تک وزیر اعلی ہاوس پر دھرنا دیا جائے گا ۔صحافیوں کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق دو ماہ قبل گمبٹ سے خیرپور آتے ہوئے خیرپور پریس کلب کے سابق صدر اور سینئر صحافی غلام قادر سومرو کے بڑے بھائی ٹیچر غلام سرور سومرو کو خیرپولیس بازیاب کرانے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے جس کے خلاف سکھر ڈویژن کے سینکڑوں صحافیوں نے سکھر یونین آف جرنلسٹ کے صدر شوکت نوناری ،پریس کلب خیرپور کے سرپرست اعلی اکبر عباس زیدی،صدر سردار دین محمد کلہوڑو اور دیگر کی قیادت میں وزیر اعلی ہاوس خیرپور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صحافیوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2ماہ گزرجانے کے باوجود خیرپور پولیس سینئر صحافی غلام قادر سومرو کے بڑے بھائی ٹیچر غلام سرور سومرو کو بازیاب کرانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ مغوی کی بازیابی کیلئے گزشتہ 2ماہ سے صحافیوں کی جانب سے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں مگر افسوس سندھ حکومت کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔

صحافیوں نے خیرپور پولیس کے اعلی افسران اور اعلی حکام کو 15جنوری تک مغوی ٹیچر غلام سرور سومرو کو بازیاب کرانے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 15جنوری تک سینئر صحافی غلام قادر سومرو کے بھائی کو بازیاب نہیں کرایا گیا تو وزیر اعلی ہاو؎س خیرپور کے سامنے مغوی کی بازیابی تک احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جس کی تمام تر زمیداری انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔دوسری جانب صحافیوں کی جانب سے سینئر صحافی کے بھائی کی بازیابی کیلئے لگائے گئے دھرنے میں جسقم کے مرکزی سیکریٹری جنرل امجد خان مہیسر اور جسقم کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور صحافی کے بھائی غلام سرور سومرو کو فوری بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔