وفاقی وزیرریلوے کا مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 5فیصد تک کمی کا اعلان،لاہور ایئرپورٹ پر سامان کی چوری اور دھرنا کی خبریں غیر ذمہ دارانہ صحافت کا شاخسانہ ہیں،سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،خوجہ سعد رفیق کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 8 جنوری 2015 20:04

وفاقی وزیرریلوے کا مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 5فیصد تک کمی کا اعلان،لاہور ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مسافر ٹرینوں کے کرایہ جات میں 5فیصد تک کمی کا اعلان کیا ہے۔ اانہوں نے بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان ریلوے نے عوام تک فائدہ پہنچانے کیلئے ریلوے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے اس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن آئندہ سوموار کو کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اوپر جارہی تھیں اسوقت بھی پاکستان ریلوے نے کرایوں میں کمی کی تھی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ ڈیزل اور Lubricantsکا تخمینہ کل اخراجات کا18فیصدتک ہے اس کے باوجود کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا جارہاہے تاکہ عوام کو سستے سفر کی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے بتایا کہ کوہاٹ راولپنڈی ٹرین خسارہ میں چل رہی تھی ۔

راولپنڈی اور کوہاٹ کے درمیان ٹریک کی حالت اتنی اچھی نہیں جس کی وجہ سے مسافر سڑک کے ذریعے سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔ریلوے میں مسافروں کے کھانے پینے کی سہولیات کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈائننگ کار میں مسافروں کو اعلٰی معیار کا کھانا اور برتن مہیا کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سابقہ وزیرریلوے نے بھی ریلوے کے معیار کی تعریف کی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ ریلوے انجنوں کی حالت میں بہتری لائی جارہی ہے۔ اس کیلئے جدیدسامان، انجن اور ریلوے وینزکی خریداری کا عمل جاری ہے لیکن وسائل کی کمی کی وجہ سے کچھ وقت ضرور لگے گا۔ کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ صوبائی معاملہ ہے البتہ پاکستان ریلوے اس کیلئے زمین اور تکنیکی معاونت مہیا کرنے کے لئے تیار ہے۔

میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور ائیرپورٹ ان کا سامان نہ ہی چوری یا گم ہوا اور نہ ہی کسی قسم کی دقت پیش آئی۔ البتہ لاہور ائیرپورٹ جو کہ میرا حلقہ ہے لہذا مسافروں نے مسائل کے بارے میں بات چیت کیلئے میں وہاں پر رکا ضرور تھا لیکن سامان چوری ہونے اور ائیرپورٹ پر دھرنا کی خبریں بے بنیاد ، حقائق کے برخلاف اور غیر ذمہ دارانہ صحافت کی شاخسا نہ ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے میڈیا کے نمائیندوں کو بتایا کہ عمرہ کے دوران سعودی عرب میں انہوں نے وہاں پر مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے اور پاکستان کی معیشت میں انکا کردار اہم ہے لہذا ان مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :