حافظ آباد،اغواء اور جنسی تشدد کے بعد 7سالہ بچی کا قتل ،وزیر اعلیٰ شہباز شریف اطلاع اور تیاریوں کے باوجود مقتولہ بچی کے گھر نہ پہنچ سکے

جمعرات 8 جنوری 2015 20:06

حافظ آباد،اغواء اور جنسی تشدد کے بعد 7سالہ بچی کا قتل ،وزیر اعلیٰ شہباز ..

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 جنوری۔2015ء ) حافظ آباد کے علاقہ میاں دا کوٹ میں اغواء اور جنسی تشدد کے بعد 7سالہ بچی کا قتل ،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اطلاع اور تیاریوں کے باوجود مقتولہ بچی کے گھر نہ پہنچ سکے۔مقتولہ بچی کے اہل خانہ، علاقہ مکین اور ضلعی انتظامیہ 8گھنٹے تک خادم پنجاب کا انتظار کرتے رہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اغواء اور جنسی تشدد کے بعد قتل ہونے والی 7سالہ ایمان فاطمہ کے گھر آنا تھا،خادم پنجاب کی آمد کے سلسلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے ہیلی پیڈ بھی تیار کیا گیاجہاں ڈی سی او ،ڈی پی او سمیت ضلعی انتظامیہ کئی گھنٹے تک خادم پنجاب کا انتظار کرتی رہی جبکہ مقتولہ بچی کے اہل خانہ اور علاقہ مکین بھی 8گھنٹے تک خادم پنجاب کی آمد کے منتظر رہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب مقتولہ بچی کے گھر نہ پہنچ سکے اور بالآخر ضلعی انتظامیہ اور علاقہ مکین کئی گھنٹے انتظار کے بعد واپس لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد کے موقع پر ٹی ایم اے کے اہلکار ہیلی پیڈ اور میاں د ا کوٹ میں کئی گھنٹے تک صفائی ستھرائی میں مصروف رہے جبکہ پولیس کیساتھ ساتھ سول ڈیفنس،محکمہ صحت،دیگر محکموں کے افسران و اہلکاران بھی ہیلی پیڈ اور میاں دا کوٹ میں موجود رہے۔دوسری جانب آر پی او گوجرانوالہ ڈویژن دلاور عباس ،ڈی سی او محمد عثمان ، ڈی پی او شاکر حسین داوڑ اور ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان مقتولہ بچی کے گھر گئے جہاں اُنہوں نے فاتحہ خوانی کے بعد مقتولہ کے والد اور دیگر رشتہ داروں کو یقین دلایا کہ مجرمان کسی صورت بھی قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے،مجرمان کو جلد کیفر کردار پہنچا کر اُنہیں انصاف فراہم کیا جائے گا ۔