اکیسویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے متفقہ منظوری ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کی جانب پہلا قدم ہے، نوید قائم خانی

جمعرات 8 جنوری 2015 22:46

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) اکیسویں آئینی ترمیم کی پارلیمینٹ کے دونوں ایوانوں سے متفقہ منظوری ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کی جانب پہلا قدم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی نے 21ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے مشترکہ منظوری کے موقع پر ٹنڈو الہ یار پریس کلب کے صدر بشارت علی قائم خانی و اراکین میں مٹھائی کی تقسیم کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ رکن زونل کمیٹی ثاقب احمد خانزادہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے متفقہ منظوری پوری قوم کی امنگوں کی ترجمانی کے مترادف ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف موثر قانون سازی اور اس قانون پر فوری عمل درآمد کے ذریعے ہے دہشت گردی کے ناسور کا علاج ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی میں اضافے کی وجوہات اور اس کے تدارک کے لئے تجاویز پوری قوم کے سامنے پیش کرتے رہے ہیں۔

لیکن افسوس قائد تحریک الطاف حسین کی تجاویز پر سنجیدگی کے ساتھ غور نہ کرنے کے باعث ہزاروں پاکستانیوں کو اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھونے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے دہشت گردی کے خلاف اصولی موقف اختیار کر کے اس پر ذرہ برابر بھی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا۔ جس کی بدولت آج 21ویں آئینی ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور ہو کر ایک قانونی دستاویز کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حق پرست عوام اللہ تعالیٰ کے شکر گذار ہیں کہ اس نے ہمیں قائد تحریک الطاف حسین جیسی نعمت سے نوازا ہے ۔ آج نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں قائد تحریک الطاف حسین کی دور اندیشی کا اعتراف کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں آئینی ترمیم کی متفقہ منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحدو متفق ہو چکی ہے ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مسلح افواج کے جوانوں کے قربانیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :