سڈنی ٹیسٹ : ویرات کوہلی کی ریکارڈ ساز سنچریاں ، برسوں پرانے ریکارڈ توڑ دیئے

جمعہ 9 جنوری 2015 14:53

سڈنی ٹیسٹ : ویرات کوہلی کی ریکارڈ ساز سنچریاں ، برسوں پرانے ریکارڈ توڑ ..

سڈنی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء )بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی آسٹریلیا کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں چار سنچریاں بنانے والے تیسرے غیر ملکی کرکٹر بن گئے ہیں۔ ویرات کوہلی نے آسٹریلیا میں 86 برس بعد یہ کارنامہ دہرایا ہے۔ ویرات کوہلی سے پہلے انگلینڈ کے والی ہیمنڈ نے سنہ 1929 میں اور ہربرٹ سٹکلف نے 1925 میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کی تھیں۔انھوں نے پہلی اننگز میں 115 اور دوسری اننگز میں 143 رنز بنائے تھے۔میلبرن ٹیسٹ میں کوہلی نے 169 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جبکہ سڈنی میں جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھی وہ 140 رن بنا کر ناٹ آوٴٹ ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹسمین ہیمنڈ نے سنہ 29- 1928 کی سیریز کے دوران آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں چار سنچریاں سکور کی تھیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے سڈنی میں 251 رنز، میلبرن میں 200 اور پھر سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 119 ناٹ آوٴٹ اور دوسری اننگز میں 177 رنز بنائے تھے۔ہیمنڈ سے پہلے انگلینڈ ہی کے بیٹسمین ہربرٹ سٹیلف نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 115 رنز، 176، 127 اور 143 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے چار سنچریاں بنا کر ر برسوں پرانے سنیل گواسکر کے ایک ریکارڈ کو بھی برابر کر لیا ہے۔

بھارتی ٹیم کے سابق بیٹسمین سنیل گواسکر نے 1971 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں چار سنچریاں بنائی تھیں۔سڈنی ٹیسٹ میں سنچری سکور کر کے وہ سنیل گواسکر کے بعد ایک سیریز میں چار سنچریاں بنانے والے بھارت کے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ ویرات کوہلی نے جو کارنامہ سرانجام دیا ہے وہ سچن تندولکر اور راہول ڈراوڑ جیسے بھارت کے بڑے کرکٹرز بھی نہیں کر پائے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں ویرات کوہلی کے کیریئر کی یہ 10 ویں سنچری ہے۔کوہلی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں جو 10 سنچریاں بنائیں ہیں ان میں سے چھ سنچریاں آسٹریلیا کے خلاف ہیں۔ ویرات کوہلی راہل ڈراوڑ کے بعد آسٹریلیا میں ایک ہی سیریز میں 500 سے زائد زنز بنانے والے دوسرے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔اس سے قبل 2003 اور 2004 کے دوران آسٹریلیامیں کھیلی گئی سیریز میں راہول ڈراوڈ نے 500 سے زیادہ رنز سکور تھے۔