سڈنی ٹیسٹ : ”اسپائیڈر کیم“ نے تنازع کھڑا کردیا

جمعہ 9 جنوری 2015 17:13

سڈنی ٹیسٹ : ”اسپائیڈر کیم“ نے تنازع کھڑا کردیا

سڈنی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء ) سڈنی ٹیسٹ کے دوران ”اسپائیڈر کیم“ نے تنازع کھڑا کردیا، آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے لوکیش راہول کے ڈراپ کیچ کا ذمہ دار سر پر منڈلاتے کیمرے کو قرار دیدیا۔کوچ ڈیرن لی مین کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی اچھی ہے لیکن پوزیشن بھی بہتر ہونی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق سڈنی کرکٹ گراوٴنڈ پر جاری چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے روز میزبان قائد اسٹیون اسمتھ نے لوکیش راہول کا اس وقت کیچ ڈراپ کیا جب وہ 46 رنز پر کھیل رہے تھے بعد ازاں انھوں نے سنچری بنائی۔

(جاری ہے)

اسمتھ گیند اپنے ہاتھوں میں نہ ٹک پانے پر کافی غصے میں دکھائی دیے، انھوں نے اس ڈراپ کیچ کی براہ راست ذمہ داری سر پر منڈلاتے اسپائیڈر کیم پر ڈال دی جسے فضا میں حرکت دینے کیلیے تاروں کا استعمال کیا جاتا ہے۔کوچ ڈیرن لی مین نے کہا کہ میں اسپائیڈر کیم کو بہتر خیال کرتا ہوں، اس ٹیکنالوجی سے ناظرین کو مختلف زوایے سے کھیل دکھائی دیتا ہے لیکن پوزیشن بہتر ہونی چاہیے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس سے بولر یا پھر فیلڈرز کی توجہ منتشر نہیں ہو، خاص طور پر آف سائیڈ کی جانب استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے۔