راولپنڈی دھماکے کا مقدمہ درج، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل، دو ہفتوں میں رپورٹ دیگی

ہفتہ 10 جنوری 2015 11:04

راولپنڈی دھماکے کا مقدمہ درج، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل، دو ہفتوں ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء)راولپنڈی میں امام بارگاہ ابو محمد رضوی دھماکے کا مقدمہ تھانہ وارث خان میں درج کر لیا گیا ، انکوائری کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی جو دو ہفتوں میں رپورٹ تیار کرے گی۔ راولپنڈی کے انتہائی گنجان آباد علاقے چٹیاں ہٹیاں میں واقع امام بارگاہ ابو محمد رضوی میں ہونیوالے گزشتہ رات کے بم دھماکہ کا مقدمہ ابن محمد رضوی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تھانہ وارث خان میں درج مقدمہ نمبر بائیس میں قتل ، اقدام قتل، دھماکہ خیز مواد اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔ دھماکے کی تحقیقات کیلئے ایس پی راول کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس میں حساس اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں ۔ مقدمے کے تفتیشی افسر انسپکٹر راجہ عبدالرشید کو مقرر کیا گیا ہے ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم چودہ روز میں تحقیقات مکمل کرے گی۔