سڈنی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ، آسٹریلیا نے سیریز اپنے نام کر لی

ہفتہ 10 جنوری 2015 12:31

سڈنی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ، آسٹریلیا نے سیریز اپنے نام کر ..
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10۔جنوری 2015ء ) آسٹریلیا اور بھارت کے دوران سڈنی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہو گیا ہے ۔ بارڈر گواسکر سیریز کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلیا نے کل کے سکور 251رنز 6کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی اور بھارت کو جیتنے کیلئے 349رنز کا ہدف دیا ۔ بھارت کی اننگز کا آغاز اچھا رہا اور اوپنرز نے بھارت کو 48رنز کا آغاز فراہم کیا ۔

بھارت کی پہلی وکٹ لوکیش راہول کی صورت میں گری جب وہ نیتھن لائن کا شکار بنے ۔ روہت شرما بھی زیاد ہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور 39رنز بنانے کے بعد پوویلین لوٹ گئے ۔ ویرات کوہلی اور مرلی وجے نے تیسری وکٹ کی شراکت کے لیے سکور میں 74رنز کا اضافہ کیا ۔ وجے 80رنز بنا کر ہیز لووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ ویرات کوہلی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور 46رنز بنا کر سٹارک کا نشانہ بن گئے ۔

(جاری ہے)

سریش رائنا کے لیے کم بیک ٹیسٹ یادگا ر ثابت نہ ہوا اور وہ ایک بار پر 0کی خفت سے دوچار ہوکر پوولین لوٹے ۔ وکٹ کیپر ساہا پانچویں دن کی پچ کے عتاب کا شکار ہوکر نیچے رہ جانیوالی گیند پر نیتھن لائن کو وکٹ تھما بیٹھے ۔ ہیزلووڈ نے ایشون کو 1رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا تو بھارت کو میچ بچانے کے لیے 12مزید اوورز کھیلنا تھے اور اسکی محض 3وکٹیں باقی تھیں ۔

اجنکے رہانے اوربھو نیشور کمار نے اپنی ٹیم کو ایک اور شکست سے بچاتے ہوئے بقیہ اوورز بخیر و عافیت گزار دیئے ۔ رہانے 38اور کمار 20رنز بنا کر ناٹ آؤ ٹ رہے ۔ ٹیسٹ ڈرا ہونے کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے بارڈر گواسکر سیریز 2-0سے اپنے نام کر لی ۔ کینگرو کپتان سٹیو سمتھ کو سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کر نے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :