قزاقستان ‘گاوٴں کے رہائشیوں کو نیند کی عجیب اور پراسرار بیماری کی وجہ سے دوسری جگہ منتقل کر نے کا سلسلہ شروع

ہفتہ 10 جنوری 2015 12:41

قزاقستان ‘گاوٴں کے رہائشیوں کو نیند کی عجیب اور پراسرار بیماری کی ..

کلاچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2015ء)وسطی ایشیا کے ملک قزاقستان کے ایک گاوٴں کے رہائشیوں کو نیند کی ایک عجیب اور پراسرار بیماری کی وجہ سے دوسری جگہ منتقل کر نے کا سلسلہ شروع کر دیا گیاقزاقستان کے شمال میں واقع گاوٴں کلاچی کے رہائشیوں کو گذشتہ دو سال سے نیند کی ایک ایسی بیماری کا سامنا ہے جس کی وجوہات کے بارے میں ڈاکٹروں کو تاحال کوئی اندازہ نہیں ہو سکا۔

بیماری میں لوگ اچانک سو جاتے ہیں اور پھر کئی کئی دن تک نہیں جاگتے۔بیماری کا شکار افراد یادداشت میں کمی کی شکایت بھی کرتے ہیں ‘ بعض کیسوں میں ہذیان کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔گاوٴں میں ایک سو کے قریب ایسے کیس سامنے آ چکے ہیں اور اس بیماری کو کثرتِ خواب کا نام دیا گیا ہے اور اس میں بعض افراد ایک سے زائد بار متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق اب ہمسایہ اضلاع کے حکام نے اس گاوٴں کے رہائشیوں کو پیشکش کی ہے کہ وہ ان کے علاقے میں آ کر آباد ہو سکتے ہیں اور ملازمتیں کر سکتے ہیں۔

ضلع ایفیلے کے سربراہ ساوٴلے اگیمباییوا نے کہا کہ دوسری جگہ بسانے میں ترجیح ایسے خاندانوں کو دی جائے گی جن میں بچے اور عورتیں شامل ہوں۔اطلاعات کے مطابق 582 افراد جو گاوٴں کی آبادی کا نصف بنتے ہیں ان کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا منصوبہ ہے اگور سیموسینکی کا بیٹا بھی بیماری سے متاثر ہوا ہے انھوں نے بتایا کہ آپ اس کو اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، تو ایسا لگتا ہے کہ وہ آنکھیں کھولنا چاہتا ہے تاہم ایسا کر نہیں پاتا۔