انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ریموٹ ایریاز میں این جی اوز سے مدد لی جائے،مہم کے دوران پولیو ٹیموں میں خواتین ورکرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر سکھرون

ہفتہ 10 جنوری 2015 14:16

سکھر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2015ء) انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ریموٹ ایریاز میں این جی اوز سے مدد لی جائے اورمہم کے دوران پولیو ٹیموں میں خواتین ورکرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور ٹرانززٹ پوائنٹس کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے تا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نا رہ سکے ان خیالات کا اظہارایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھرون عبدالغفارسومرو نے سکھر ضلع میں19 جنوری سے 21 جنوری تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت، پولیس، سوشل ویلفیئر ، محکمہ تعلیم ، مقامی سماجی تنظیمیں ، علماء کرام اور دیگر متعلقہ انتظامی افسران بھرپور تعاون پیش کریں اس قومی کاز کے لیے ہم سب کو مل کر تما م والدین میں پولیو کے قطرے پلانے کے لیے شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ پولیو ٹیموں کی کارکردگی کوسو فیصد کامیاب بنانے کی سخت ضرورت ہے پولیو مہم کے دوران ضرورت پڑنے پر پاک فوج کی مدد بھی حاصل کی جائے گی انہوں نے سوشل ویلفیئر ، محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ مہم کے دورا ن عملے کو مقرر کرنے کے لیے اقدامات کریں جبکہ مقامی سماجی تنظیموں کو پابند کیا جائے کہ وہ مہم کے دوران مکمل تعاون کریں انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ مہم کے دوران اپنے ذمہ دار افراد کو متعین کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر علاقے کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران تمام ٹیموں کی حفاظت کے انتظامات کیے جائیں گے اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھرون نے پولیو مہم کے دوران افسران ،فوکل پرسن اور ٹیموں کے ارکان کو تعلقہ صالح پٹ، اروڑ،راہوجہ ، باگڑجی اور دیگر دورافتادہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ جو افسران اجلاس میں شرکت نہیں کرتے ان کے خلاف رپورٹ تیار کی جائے۔ اجلاس میں پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالحئی کھوسو نے بتایا کہ 2014 میں پاکستان میں 297 پولیو کیس رپورٹ کئے گئے اور سندھ میں 29 پولیو کیس جبکہ ضلع سکھر 2010 سے لیکر پولیو فری ہے، مہم کے دوران 269208 بچوں کوپولیو کے قطرے پلانے کا حدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لئے ٹوٹل 725 ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں جن میں 614 موبائل ٹیمیں،72 فکسڈ ٹیمیں،39 ٹرانزٹ پوائنٹس ترتیب دیئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :