ڈاکٹروں کی مجرمانہ غفلت ، آپریشن کے بعد خاتون کے پیٹ میں تولیہ چھوڑ دیا

ہفتہ 10 جنوری 2015 16:12

ڈاکٹروں کی مجرمانہ غفلت ، آپریشن کے بعد خاتون کے پیٹ میں تولیہ چھوڑ ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) خیبرپختونخواہ کے مختلف محکموں میں بہتری کے اعلانات آئے روز سامنے آتے رہتے ہیں لیکن اب خیبرٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی طرف سے خاتون کے پیٹ میں تولیہ چھوڑ دینے کا انکشاف ہواہے جس پر ہسپتال انتظامیہ کا باضابطہ موقف سامنے نہیں آسکا۔ تفصیلات کے مطابق آٹھ ماہ شدید درد ہونے کے باعث خاتون کو خیبرٹیچنگ ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں ابتدائی طبی امداد کے نتیجے میں درد میں کمی نہ آنے پر سینئرڈاکٹروں کی زیرنگرانی آپریشن کرایاگیا ۔

(جاری ہے)

چند گھنٹے گزرنے کے بعد دوبارہ درد اور قے آنا شروع ہوگئی جس کے بعد مختلف ہسپتالوں میں ٹھوکریں کھاتی رہیں لیکن دو دن قبل دوبارہ خیبرٹیچنگ ہسپتال سے رجوع کرلیا جس دوران ٹیسٹ کے بعد پتہ چلا کہ خاتون کے پیٹ میں تولیے کا ٹکڑا موجود ہے اور تولیہ نکالنے کے لیے دوبارہ آپریشن کا فیصلہ کیاگیا۔ لواحقین کے بعد ڈاکٹر اپنی غلطی ماننے کی بجائے دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ نجی ٹی وی چینل کی طرف سے بھی رابطے کی کوشش کی گئی جو ناکام رہی اور ہسپتال انتظامیہ کا باضابطہ موقف معلوم نہیں ہوسکا۔