Live Updates

پرویز رشید جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند کریں،ڈاکٹر شیریں مزاری ،

پرویز رشید اپنی خفت چھپانے کیلئے حقائق کو مسخ کرنے اور دورغ گوئی کا سہارا لینے کی کوششوں میں مصروف ہیں،سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف، تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف عوامی شعور بیدار کر چکی ہے ،حلقہ 122کی رپورٹ کا منظر عام پر آنے کا انتظار کیا جانے چاہیے، بیان

ہفتہ 10 جنوری 2015 21:16

پرویز رشید جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند کریں،ڈاکٹر شیریں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے مسلم لیگ نواز کی حکومت خصوصاً وزیراطلاعات کی جانب سے جھوٹ اور دروغ گوئی کو بطور روایت اپنانے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پرویز رشید جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند کریں۔ ان کے مطابق پرویز رشید جانتے ہیں کہ این اے 122میں ووٹوں کی گنتی کا نہیں بلکہ نتائج کی جانچ (Audit)کا حکم دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ این اے 122میں ہونے والے آڈٹ میں اب تک 30ہزار سے زائد جعلی ووٹ برآمد ہو چکے ہیں جبکہ 100سے زائد پولنگ اسٹیشنز میں فارم 14اور 15دستیاب نہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق این اے 122میں ہونے والے آڈٹ میں اب تک ایک ہی سیریل نمبر کے حامل ڈوپلیکٹ بیلٹ پیپرز اور ایک ہی پولنگ اسٹیشن کے حوالے سے مختلف نتائج کے حامل فارم 14اور 15برآمد ہوئے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ این اے 122میں اب تک سامنے آنے والی بے ضابطگیوں میں ریٹرننگ افسران کا کردار بھی سامنے آیاہے۔ چنانچہ پرویز رشید اپنی خفت چھپانے کیلئے حقائق کو مسخ کرنے اور دورغ گوئی کا سہارا لینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ 122کی رپورٹ کا منظر عام پر آنے کا انتظار کیا جانے چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پرویز رشید انتخابات کی شفافیت کے مکمل طور پر قائل ہیں تو حکومت دھاندلی کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن کے قیام سے کیوں خوفزدہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومتی پراپگینڈہ باکل بار آور ثابت نہیں ہوگا کیونکہ تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف عوامی شعور بیدار کر چکی ہے اور انہیں اپنے حق کیلئے کھڑا ہونے کی اہمیت سے آشکار کر چکی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات