مصباح الحق نے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

منگل 13 جنوری 2015 14:34

مصباح الحق نے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ورلڈکپ 2015ءکے بعد ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم کا خواب ہوتا ہے کہ وہ ورلڈکپ جیتے، میگا ایونٹ کیلئے اپنا سب کچھ داﺅ پر لگانے کو تیار ہیں اور پاکستان کیلئے ورلڈکپ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بھی درست وقت پر کیا ہے اور ورلڈکپ 2015ءکے بعد ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 فارمیٹ کرکٹ سے علیحدہ ہو جاﺅں گا۔ مصباح الحق نے کہا کہ کیرئیر کے دوران کرکٹ بورڈ اور قوم کی حمایت کا شکرگزار ہوں اور ورلڈکپ میں قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کی صلاحیتوں کا ہمیشہ سے علم تھا جنہوں نے ہر ٹیم کے خلاف بہترین کپتانی کی اور قومی ٹیم نے آسٹریلیا جیسی ٹیم کو تاریخی شکست سے دوچار کیا۔ مصباح الحق ورلڈکپ میں بھرپور انداز میں کپتانی کریں گے اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کے ساتھ مشاورت کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہر کھلاڑی کا ہوتا ہو اور تمام کھلاڑیوں کے فیصلے کی قدر کرتا ہوں، مصباح کے مثبت فیصلوں کا احترام ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد پاکستان نے انگلینڈ اور بھارت کے خلاف کھیلنا ہے جس میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :