فیصل آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش، لاہور میں بوندا باندی، مری میں برفباری کا آغاز

منگل 13 جنوری 2015 15:38

فیصل آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش، لاہور میں بوندا باندی، مری میں ..

لاہور، فیصل آباد، مری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر نےجہاں شہریوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے وہیں رات کے وقت شدید دھند کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہے جس کے باعث پروازوں اور ٹرینوں میں بھی تاخیر کا سامنا ہے تاہم یہ سلسلہ جلد ختم ہونے کو ہے۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسم سرما کی پہلی بوندا باندی نے شہریوں کو بارش کی نوید سنا دی ہے جس پر تمام چہرے خوشی سے پھول گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی لہر میں کمی کر دی ہے جبکہ لاہور میں بھی کہیں کہیں بوندا باندی سے بارش کے آثار دکھائی دینا شروع ہو گئے ہیں۔ ملکہ کوہسار مری میں بھی موسم برما کی پہلی برفباری سے شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد کی ”موجیں“ لگ گئی ہیں اور وہاں موجود منچلے ہلہ گلا کرنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

مری میں آئے سیاح برفباری شروع ہونے پر اپنے اپنے ٹھکانوں سے باہر نکل آئے اور حسین مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے لگے۔ گرم گرم چائے اور دیگر لوازمات کا مزہ اٹھانے کیساتھ ساتھ مختلف اشیاءکی خریداری بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جس کے بعد دھند اور سردی کی لہر میں کمی آ جائے گی۔