کراچی، قائدآباد میں پولیس مقابلہ، تحریک طالبان پاکستان کے 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

منگل 13 جنوری 2015 20:48

کراچی، قائدآباد میں پولیس مقابلہ، تحریک طالبان پاکستان کے 5 مبینہ دہشت ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) کراچی کے علاقے قائدآباد میں پولیس مقابلے کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی ملیر روٴف انوار نے بتایا کہ پولیس نے دہشت گردوں کی قائدآباد کے علاقے اسپتال چورنگی کے قریب گلشن بونیر میں موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔

آپریشن میں 500اہلکاروں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کردیا، جوابی کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پولیس پر حملوں سمیت دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن حساس اداروں کی نشاندہی پر کیا گیا تھا۔ دہشت گرد ایک مکان میں چھپے ہوئے تھے۔ پولیس جب آپریشن کے لیے علاقے میں پہنچی تو دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کردیا جس سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن سے قبل پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا تھا۔ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان سنٹرل جیل سرنگ کے واقعے میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔