قوم متحد ہے، دہشتگردی کیخلاف نظریاتی جنگ علما نے لڑنی ہے، شہباز شریف

بدھ 14 جنوری 2015 10:56

قوم متحد ہے، دہشتگردی کیخلاف نظریاتی جنگ علما نے لڑنی ہے، شہباز شریف

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف فکری اور نظریاتی جنگ علمائے کرام نے لڑنی ہے ، مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر فروخت کرنے والوں کی دکانیں سیل کر کے جیلوں میں ڈالیں گے، توہین رسالت کے قانون میں کوئی ترامیم کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مشائخ کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی نے کہا کہ فوجی ، سیاسی اور مذہبی قیادت سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پہ ہیں ۔

نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ملک کو دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے نجات دلائی جا سکتی ہے ۔ پنجاب حکومت اشعال انگیز سی ڈیز اور لٹریچر کی اشاعت اور تقسیم کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے گی - تاریخ کا دھارا بدل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پارلیمنٹ کی منظور کردہ قومی پالیسی کی حمایت کرتا ہے اور سانحہ پشاور کی شدید مذمت اور اسے دہشت گردی کی بدترین واردات قرار دیتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکاءقومی قیادت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی ۔اجلاس میں شہداءکے لیے دعائے مغفرت اور ان کے خاندانوں اور پسماندگان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :