ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں آیا ‘ عمر اکمل

بدھ 14 جنوری 2015 11:54

ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں آیا ‘ عمر اکمل

اسلام آباد ((اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2015ء)آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں شامل مڈل آرڈر بلے بازعمر اکمل نے کہاہے کہ وہ اپنی کارکردگی کی بناء پر ٹیم میں شامل ہوئے ہیں ‘بین الاقوامی کرکٹ ہو یا جونیئر لیول کی کرکٹ ہمیشہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جگہ بنائی ہے ‘ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے تیار ہیں ‘ سلیکشن کمیٹی اور کپتان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا ۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ وہ ان کھلاڑیوں میں سے ہیں جو دروازہ توڑ کے بین الاقوامی کرکٹ میں آئے ہیں۔عمر اکمل نے کہ اکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں آغاز پر ان کے سینیئر کھلاڑیوں خاص طور پر یونس خان، محمد یوسف نے انہیں بہت حوصلہ دیا اور رہنمائی بھی کی۔

(جاری ہے)

ہر بڑے ٹورنامنٹ میں اکمل برادران کے ٹیم میں شامل ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے بین الاقوامی کرکٹ ہو یا جونیئر لیول کی کرکٹ ہمیشہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جگہ بنائی ہے عمراکمل نے کہا کہ کرکٹ ٹیم اکمل برادران کی نہیں بلکہ پاکستان کی ٹیم ہے اور جو اچھا کھیل پیش کریگا وہ اپنی جگہ بنا پائے گاعالمی کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کی روایت بن جانے پر عمر اکمل نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ پاکستان کیوں ہمیشہ ہارتا ہے تاہم اس مرتبہ پوری کوشش کی جائے گی کہ اس تاثر کو ختم کیا جائے۔

ویرات کوہلی سے موازنہ کیے جانے کے سوال پرعمر اکمل نے کہاکہ ہم دونوں میں بنیادی فرق بیٹنگ آرڈر کا ہے کوہلی کئی سال سے نمبر 3 پر کھیل رہے ہیں جب کہ میرے حوالے سے کوئی تسلسل نہیں۔عمر اکمل نے بتایاکہ 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست نے انہیں دلجمعی کے ساتھ کرکٹ کھیلنے اور سخت محنت پر آمادہ کیاپاکستان کی جانب سے دوسری مرتبہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے والے نوجوان بلے باز کا کہناتھا کہ وکٹ کیپنگ اکمل برادران کے خون میں شامل نہیں، وہ خود انڈر -19 کی جانب سے آل راوٴنڈر کی حیثیت سے کھیلتے تھے ۔

عمر اکمل نے کہا کہ وہ ریگولر وکٹ کیپر نہیں تاہم ٹیم کو ضرورت پڑنے پر وہ یہ ذمہ داری بھی نبھاتے ہیں البتہ سرفراز کا فارم میں ہونا خوش آئند ہے اور دعا ہے کہ وہ ہمیشہ اسی طرح کی کارکردگی دکھاتے رہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ٹیم سے ڈراپ کئے جانے پر عمر اکمل نے کہا کہ انہیں اس پر مایوسی ہوئی تھی، ورلڈ کپ سے قبل اگرانٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع ملتا تو اعتماد میں اضافہ ہوتا۔چوبیس سالہ بلے باز نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے تیار ہیں اور سلیکشن کمیٹی اور کپتان نے جو ان پر اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔