غیر رسمی ٹیسٹ میں سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن درست قرار

بدھ 14 جنوری 2015 18:56

غیر رسمی ٹیسٹ میں سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن درست قرار

ایجبسٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14جنوری۔2015ء) برطانیہ میں ہونے والے غیر رسمی ٹیسٹ میں سعید اجمل کا بائولنگ ایکشن درست قرار دیدیا گیا ہے۔ سعید اجمل کا کہنا ہے کہ میرے ماں باپ اور شائقین کی دعائیں رنگ لے آئیں ہیں.پاکستان کے مایہ ناز بائولر سعید اجمل کا ایک غیر رسمی ٹیسٹ میں بائولنگ ایکشن درست قرار دیدیا گیا ہے۔ سعید اجمل کی جانب سے کرائے جانے والے نجی ٹیسٹ میں '' دوسرا'' بھی 15 ڈگری کے اندر آیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گزشتہ سال 2013ء میں گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ایمپائرز نے سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں رپورٹ دی تھی۔ اس کے بعد آئی سی سی نے انہیں بائولنگ ایکشن کے تجزیے کے لئے برسبین بھیجا تھا جس کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعید اجمل تقریباً 40 ڈگری پر بائولنگ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 178، ون ڈے میں 183 اور ٹی ٹوئنٹی میں 85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

واضع رہے کہ سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن کا بائیو مکینک تجزیہ 24 جنوری کو بھارتی شہر چنئی کی لیبارٹری میں ہوگا۔ سعید اجمل اگر اس بائیو مکینک تجزیے میں کلیئر نہ ہوسکے تو پھر آئی سی سی اپنا بائولنگ ریویو گروپ تشکیل دے گی جو انھیں دوبارہ بائیو مکینک تجزیے کے لئے کہے گا۔ اس دوران سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کی کامیابی پر میں اللہ تعالیٰ کا بہت شکر گزار ہوں۔میرے والدین اور پرستاروں کی دعائیں رنگ لے آئی ہیں۔ غیر رسمی ٹیسٹ میں کامیابی سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انشا اللہ بھارت کے شہر چنائی میں ہونے والے ٹیسٹ میں بھی پاس ہو جائوں گا۔