سٹار سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا نے انگلش کاؤنٹی کلب سرے سے دو سالہ معاہدہ کر لیا

ہفتہ 17 جنوری 2015 11:02

سٹار سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا نے انگلش کاؤنٹی کلب سرے سے دو سالہ ..

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء)سٹار سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا نے انگلش کاؤنٹی کلب سرے سے دو سالہ معاہدہ کر لیا۔ معاہدے کے تحت وہ 2017ء کے آخر تک کلب کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق سنگاکارا آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے تاہم ان کا ٹیسٹ کرکٹ کا مستقبل تا حال غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے، سنگاکارا نے عالمی کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کا ارادہ کیا ہوا تھا نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار ڈبل سنچری بنانے کے بعد وہ ڈان بریڈمین کا ٹیسٹ تاریخ میں زیادہ ڈبل سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرنے کیلئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر رہے ہیں۔

سرے ڈائریکٹر آف کرکٹ ایلک سٹیورٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ سنگاکارا فائیو سٹار پلیئر اور پرسن ہیں، ان سے معاہدہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، ان کی ٹیم میں شمولیت سے ہماری بیٹنگ لائن اپ مزید مضبوط ہو گئی ہے، امید ہے کہ وہ اپنے انٹرنیشنل تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔