بھارتی شاعر و ادیب جاوید اختر نے اپنی 70 ویں سالگرہ منائی

ہفتہ 17 جنوری 2015 12:10

بھارتی شاعر و ادیب جاوید اختر نے اپنی 70 ویں سالگرہ منائی

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء)بھارتی فلموں کو خوبصورت گیت دینے والے معروف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے 17 جنوری کو اپنی 70 ویں سالگرہ منائی ، ماضی کے معروف شاعر جاں نثار اختر کے بیٹے جاوید اختر 17 جنوری 1945ء کو بھارتی ریاست گوالیار میں پیدا ہوئے۔گھر یلو ماحول ادبی ہونے کے باعث اس جانب رجحان تو تھا لیکن فلمی دنیا میں ان کی آمد بحیثیت اسسٹنٹ سکرپٹ رائٹر ہوئی۔

وقت گزرنے کیساتھ انہوں نے نغمے لکھنے شروع کئے اور انکے لکھے نغمے خوبصورت شاعری اور ردھم کے باعث زبان زد عام ہو گئے۔

(جاری ہے)

جگجیت سنگھ اورنصرت فتح علی خان سمیت کئی مشہور گلوکاروں نے ان کی شاعری کو گانوں میں استعمال کیا ، جاوید اختر نے پہلی شادی ہنی ایرانی سے کی جن سے ان کے 2 بچے فرحان اورزویا پیدا ہوئے ، یہ دونوں بھی ہندی فلم انڈسٹری سے منسلک ہیں اور اداکاری کے علاوہ فلموں کی ڈائریکشن بھی دیتے ہیں۔

ہنی ایرانی سے طلاق کے بعد جاوید اختر نے ایک اور شاعر کیفی اعظمی کی بیٹی شبانہ اعظمی سے شادی کرلی۔ 1999ء میں بھارتی حکومت نے جاوید اختر کو پدما شری ایوارڈ ، 2007ء میں بھارتی اعلی اعزاز پدم بھوشن سے بھی نوازا گیا ۔اس کے علاوہ جاوید اختر 14 مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔