حکومت نے مزید تین سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا

منگل 20 جنوری 2015 22:40

حکومت نے مزید تین سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20جنوری۔2015ء) حبیب بینک، نیشنل پاور کنسٹریشن کمپنی اور ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس نجکاری کی فہرست میں شامل ہیں۔ پی آئی اے اور سٹیل مل سمیت 8 ادارے آئندہ سال نجکاری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔نجی ٹی وی کے پاس موجود سرکاری دستاویز کے مطابق 30 جون سے پہلے نجکاری پروگرام پر عملدرآمد میں مزید پیش رفت ہوگی۔

حبیب بینک کے شیئرز کی فروخت سے 136 ارب روپے سے زیادہ رقم حاصل ہوگی جس میں زرمبادلہ کا حصہ 1 ارب ڈالرز ہوگا۔ نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی کی نجکاری سے 2 ارب روپے جبکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری سے 1 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے او جی ڈی سی ایل کے شیئرز کی فروخت منسوخ کر دی گئی ہے جس سے 73 کروڑ ڈالر آمدن متوقع تھی۔

(جاری ہے)

سرکاری دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں اب تک یو بی ایل، پی پی ایل اور الائیڈ بینک کے شیئرز فروخت کئے جا چکے ہیں جس سے 68 ارب روپے حاصل ہوئے جبکہ حصص کی فروخت سے حکومت کو 35 کروڑ ڈالر زرمبادلہ بھی حاصل ہوا۔ دستاویز کے مطابق نئے مالی سال میں مزید 8 ادارے سٹریٹجک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر نجکاری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔ ان میں پی آئی اے، سٹیل ملز اور کنونشن سینٹر بھی شامل ہیں۔

مالی سال 2015-16ء میں توانائی کے شعبے کی سرکاری کمپنیاں بھی نجکاری پروگرام کا حصہ ہیں جن میں آئیسکو، لیسکو، فیسکو اور نیشنل پاور جنریشن کمپنی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نیویارک میں قائم پاکستانی ہوٹل رزوویلٹ کی نجکاری بھی پروگرام کا حصہ ہے۔ دستاویز کے مطابق پی ایس او سمیت کئی دیگر اداروں کی نجکاری اگلے مرحلے میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :