لاہور، کراچی سمیت پنجاب، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، کوئٹہ میں برفباری

بدھ 21 جنوری 2015 10:46

لاہور، کراچی سمیت پنجاب، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، کوئٹہ ..

لاہور / کراچی / کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) کراچی میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا ، لاہو سمیت پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رم جھم ، کوئٹہ اور زیارت میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں کہیں برکھا رت برسی کہیں بوندا باندی نے خنکی بڑھا دی ، شہر قائد کے باسی رات گئے موسم کا لطف اٹھانے گھروں سے نکل آئے۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بارش ہوئی شہر قائد میں ہونے والی بارش سے موسم سرد ہو گیا اور ہوا میں خنکی بھی بڑھ گئی ، موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے اہلیان کراچی کی بڑی تعداد بھی گھروں سے نکل آئی اور رات گئے سوپ کی دکانیں کھل گئیں جہاں شہریوں نے سوپ پی کر موسم کا لطف اٹھایا ۔

(جاری ہے)

کراچی اور اندرون سندھ میں شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ پنجاب میں بھی داخل ہوگیا ۔

بہاولپور اور گردو نواح میں بارش نے موسم خوشگوار کر دیا ، رحیم یار خان ، ملتان اور دیگر شہروں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔ لاہور میں بھی ٹھنڈی ہوا کے ساتھ بارش سے موسم میں خنکی بڑھ گئی ۔ ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے ۔ گوادر شہر جیونی اور دیگر ساحلی علاقوں میں بارش کے بعد آنکاڑہ ڈیم میں پانی کی سطح تین فٹ بلند ہوگئی ۔ تلہار ندی میں طغیانی سے تربت کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں بتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ کوئٹہ میں بھی بارش کے بعد پارہ منفی چھ سینٹی گریڈ تک گرگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ b