سکھر،ملتان موٹر وے کے قیام سے صوبہ سندھ موٹر وے کے قومی دھارے کے نیٹ ورک میں شامل ہوجائے گا ،عامر غوری،

کراچی ،لاہور موٹر وے کی بدولت خطے کی اقتصادیات اور لوگوں کے معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاضلاعی تجارت اور جنوبی اضلاع قومی وحدت میں شامل ہوجائیں گے، ماہر ماحولیات

جمعرات 22 جنوری 2015 19:06

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22جنوری۔2015ء) ماہر ماحولیات و چیف ایگزیکیٹوپرائم انجینئرنگ اسلام آباد عامر غوری نے کہا ہے کہ سکھر،ملتان موٹر وے کے قیام سے صوبہ سندھ موٹر وے کے قومی دھارے کے نیٹ ورک میں شامل ہوجائے گا اور کراچی ،لاہور موٹر وے کی بدولت خطے کی اقتصادیات اور لوگوں کے معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاضلاعی تجارت اور جنوبی اضلاع قومی وحدت میں شامل ہوجائیں گے۔

سکھر،ملتان موٹر وے سیکشن کی لاگت کا تخمینہ 200 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی لاگت700 ارب روپے ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر اہتمام اور ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ کے زیر نگرانی مقامی ہوٹل سکھر میں ایک ماحولیاتی تجزیاتی عوامی شنوائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایاگیا کہ سکھر ،ملتان موٹر وے 375 کلو میٹر پر مشتمل ہے، جس میں 260 کلومیٹر پنجاب اور 115 کلومیٹر سندھ صوبے کے علاقے شامل ہیں ۔

سکھر، ملتان موٹر وے ، روہڑی ،پنو عاقل، گھوٹکی، گڈو،اوباڑو،رحیم یار خان، صادق آباد ، ظاہر پیر، جلال پور پیرانوالا اور شجاع آباد سے گزر کر ملتان پر ختم ہوگی اور یہ پروجیکٹ 36ماہ کے اندر مکمل ہوگا۔بریفنگ میں بتایا گیاکہ 6 لین موٹر وے کے تعمیر کے لیے تمام طبعی ، حیاتاتی اور معاشرتی معلومات کے حصول کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ سرکاری اداروں کے تعاون و اشتراک کو بھی مسلمہ بنایا گیا ہے۔

بریفنگ کے مقررین نے مزید کہا کہ مجوزہ منصوبے کی رپورٹ پاکستان تحفظ ماحولیات ایکٹ 2014 کے تحت تیار کی گئی ہے ۔ رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ منصوبے کی تعمیر کی نوید کے حوالے سے عوام مطمئن ہیں۔ جس میں مٹی کا کٹاؤ ، درختوں کی کٹائی، قدرتی جڑی بوٹیوں کا خاتمہ شامل ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے تجویز کردہ علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح 20 سے50 فٹ تک ہے جبکہ ان علاقوں میں گنا، گندم،مکئی اور کپاس کی فصلیں کاشت کی جاتی ہیں ماہرین نے کہا کہ فہم وفراست اور بصیر ت سے ماہرانہ تکنیکی اقدامات کے پہلوؤں کی روشنی میں تمام تر حفاظتی اقدامات کو پر عزم طریقے سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو اس نئے منصوبے کے آغاز پرتکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ا س موقع پر شوکت علی کھٹیان ایس ایس پی موٹر وے، محمد جاوید ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ این ایچ اے سکھر، عمران صابر ڈپٹی ڈائریکٹر ای آئی اے، ڈپٹی ڈائریکٹرادارہ تحفظ ماحول سکھر عبدالرؤف میمن، سید ریاض حسین شاہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات این ایچ اے اسلام آباد، عبدالرحمان چیف ایگزیکٹو ایس جی ایس، اسلم پرویزاسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات سکھر، شفیع اللہ لغاری ٹیکنیکل چیف محکمہ ماحولیات سکھراور میر مرید علی ٹالپورکے علاوہ سید فصیح الدین کنسلٹنٹ ایس ڈی کے پی، سبطین رضا لودھی شعبہ تعلقات عامہ این ایچ اے سمیت دیگر مقررین میں شامل تھے۔

این ایچ اے حکام اور مختلف محکموں کے افسران نے عوام کی جانب سے اٹھائے گئے اہم نکات اور سوالات کے جوابات دیئے اور اس امر کی یقین دہانی کرائی گئی کہ تمام اٹھائے گئے امور پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ عوام کی تائید و حمایت سے ماحولیاتی مسائل سے پاک اس اہم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے ۔ قبل ازایں سید ریاض حسین شاہ این ایچ اے اسلام آباد نے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ سکھر ملتان موٹر وے سیکشن کراچی لاہور موٹر وے نیٹ ورک کا حصہ ہے اور پرہجیکٹ کو عوامی امنگوں کے مطابق بنایا جائیگا تا کہ تمام اسٹیک ہولڈر اورشراکت دار کی باہمی مشاورت اور تجاویزات کی روشنی میں اس اہم قومی منصوبے کو پایا تکمیل تک پہچانے میں مدد مل سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ اکیوزیشن محمد جاوید نے کہا کہ اس موٹر وے میں جس کی بھی ملکیت آئے گی اسکا معاوضہ انکی دہلیز تک پہچایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :