سعودی فرماں رواشاہ عبداللہ کی نماز جنازہ اداکردی گئی، شہزادہ سلمان نئے سربراہ مملکت منتخب

جمعہ 23 جنوری 2015 19:06

سعودی فرماں رواشاہ عبداللہ کی نماز جنازہ اداکردی گئی، شہزادہ سلمان ..

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23جنوری۔2015ء)علالت کے بعد انتقال کرنیوالے91سالہ سعودی فرماں رواشاہ عبداللہ کی نماز جنازہ اداکردی گئی ہے ۔شاہ عبداللہ کی نماز جنازہ میں پاکستان سے وزیراعظم نوازشریف ، وزیراعلیٰ شہبازشریف ، طارق فاطمی اور دیگر نے شرکت کی ۔ شاہ عبداللہ کی نماز جنازہ جامع مسجدریاض میں امام ترکی نے پڑھائی ۔ بتایاگیاہے کہ شاہ عبداللہ کی تدفین العود کے تاریخی قبرستان میں ہوگی ۔

عرب میڈیا کے مطابق شاہ عبداللہ کو مہروں کی تکلیف بھی تھی جبکہ تین ہفتےقبل اُنہیں نمونیا کی شکایت پر ہسپتال داخل کرایاگیاتھا، دل ، گردوں اور پھیپھڑوں نے کام کرناچھوڑدیاتھا۔ اُنہوں نے سوگواران میں چار بیویاں ، سات بیٹے اور 15 بیٹیاں چھوڑی ہیں ، شاہ عبداللہ یگم اگست 1924ء کو پیدا ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

عرب میڈیا کے مطابق شاہ عبداللہ کے انتقال کے بعد شہزادہ سلمان نئے فرماں روا بن گئے ہیں او ر وہ نماز عشاء کے بعد حلف اُٹھائیں گے جبکہ شہزادہ مقرن کو سعودی سلطنت کا ولی عہد مقررکردیاگیا۔

شاہ عبداللہ کی وفات پر امریکی صدر باراک اوباما اور وزیراعظم نوازشریف سمیت دنیا بھر کے حکمرانوں نے انتہائی گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا جبکہ فلسطین کے صدر محمود عباس نے شاہ عبداللہ کے انتقال پر تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پاکستان ایک اچھے دوست سے محروم ہوگیا، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم شاہی خاندان کے ساتھ ہے جبکہ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب میں ہی شاہ عبداللہ کی عیادت بھی کرچکے ہیں ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی شاہ عبداللہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، اُن کاکہناتھاکہ شاہ عبداللہ نے امن کے قیام کے لیے اہم کردار اداکیا۔