صوبے میں قدرتی ،معدنی ذخائر سے بھر پور استفادہ لیا جائیگا، پرویز خٹک،

صنعتی ضروریات کیلئے سستی بجلی کی پیداوار سمیت 6نئے صنعتی زون قائم کئے جارہے ہیں، سرکاری محکموں میں سیاسی مداخلت ،بیوروکریسی کے روایتی سرخ فیتے کا رواج ختم کرکے ترقی کا عمل تیزکرینگے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکا سیمنٹ ساز ،صنعتکارروں کے وفودسے ملاقات

جمعہ 23 جنوری 2015 21:30

صوبے میں قدرتی ،معدنی ذخائر سے بھر پور استفادہ لیا جائیگا، پرویز خٹک،

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت صوبے میں دستیاب دیگر وسائل کے ساتھ ساتھ یہاں کے بیش بہا قدرتی اور معدنی ذخائر سے بھر پور استفادے کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہے تاکہ انہیں تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لایا جاسکے صوبائی حکومت پہلے سے قائم صنعتی یونٹوں کی ترقی اور صنعتکار برادری کو درپیش مسائل کے حل کے علاوہ صنعتی احیاء اور سرمایہ کاری کیلئے ترغیبات کے پیکج اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے پرکشش ماحول کے قیام کیلئے بھی مصروف عمل ہے صوبے میں صنعتی ضروریات کیلئے سستی بجلی کی پیداوار شروع کرنے کے علاوہ چھ نئے صنعتی زون قائم کئے جارہے ہیں جبکہ یہ تمام زون سرکاری عملداری سے نکال کر نجی شعبے کے حوالے کئے جارہے ہیں تاکہ صنعتکار برادری کی خواہشات کے مطابق بہتر دیکھ بھال ہو سکے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے صوبے کی بیشتر آبادی غربت اوربیروزگاری کے علاوہ مرکز کی بے رخی کی وجہ سے احساس محرومی کا شکار ہے اور اسکی ایک بڑی وجہ ماضی کے حکمرانوں کی کوتاہی اور فرائض سے پہلو تہی بھی ہے انہوں نے واضح کیا کہ ہماری حکومت امن و امان یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایسے معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے جہاں امیر اور غریب سے برابر کا سلوک ہو اور تمام شہریوں کو قانون اور نظم و ضبط کا پابند بنا کر انکی ترقی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے جس سے معاشی ترقی کے نئے دروازے بھی کھلتے ہیں اسی طرح تمام سرکاری محکموں میں سیاسی مداخلت اور بیوروکریسی کے سابقہ روایتی سرخ فیتے کا رواج ختم کرکے ترقی کا عمل ترجیحی بنیادوں پر تیز کرنے کی پالیسی اختیار کی گئی ہے جسکی بدولت سماجی و معاشی استحکام اور عوام کے معیار زندگی میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی اور ترقی کا عمل اطمینان بخش حد تک تیز ہوگا وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں سلمان فاروق، عثمان جھگڑااور ہمایون خان کی معیت میں چراٹ سیمنٹ، لکی سیمنٹ اور دیگر سیمنٹ ساز اداروں کے نمائندوں اور صنعتکاروں کے مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے جس نے وزیراعلیٰ کو اپنے بعض مسائل سے آگاہ کیا جبکہ کرپشن کے خاتمے اور نظام کی شفافیت کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اس موقع پر صوبائی وزیر معدنی ترقی ضیاء الله آفریدی، صنعت ومعدنی ترقی، بلدیات اورماحولیات سمیت مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے پرویز خٹک نے وفد کے پیش کردہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا تاہم فیکٹری مالکان اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ کارخانوں سے دھویں اور دیگر زہریلے مواد کے اخراج کی موثر روک تھام کیلئے سائنسی آلات کے استعمال کے علاوہ اپنے زیر اثر وسیع اراضی پر زیادہ شجرکاری کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ ماحولیات بھی اُن سے بھرپور تعاون کرے گا جس نے شجرکاری میں اضافے کیلئے بلین ٹری سونامی پروگرام شروع کیا ہے اسی طرح پشاور سمیت بڑے شہروں میں صحت و صفائی یقینی بنانے اور وہاں کا کوڑا کرکٹ سائنسی اور ماحول دوست انداز میں ٹھکانے لگانے اور کارآمد بنانے کیلئے بھی جامع طریقہ کار وضع کیا گیا ہے اسی طرح خیبر پختونخوا کے معدنی شعبے کی ترقی پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے اور باقاعدہ جامع پالیسی کے تحت یہاں کے قیمتی معدنی وسائل سے سائنسی بنیادوں پر استفادے کا پروگرام بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اس قدرتی دولت کی اہمیت کا ادراک کر لیا ہے اور صوبے کے معدنی شعبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ملک کی تاریخ میں پہلی بار صوبے کی جامع معدنی پالیسی متعارف کی گئی ہے جبکہ اب صنعتی پالیسی کی تیاری بھی آخری مراحل میں ہے انہوں نے کہا کہ انصاف، شفافیت اور احتساب ہماری حکومت کے اہم نکات ہیں جن کی بدولت کرپشن کا خاتمہ کرکے قومی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لایا جا رہا ہے یہ رہنما اصول معدنیات سمیت تمام شعبوں پر لاگو کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں تیل و گیس کی تلاش میں خاطر خواہ پیش رفت جاری ہے اور مستقبل قریب میں ہماری آمدن میں مسلسل اضافے کی توقع ہے اسی طرح بہتر اقدامات کے سبب معدنی شعبے سے بھی آمدن کی وسیع گنجائش موجود ہے ان وسائل کی بدولت تعلیم ، صحت اور سماجی بہبود کے تمام شعبوں کوزیادہ بہتر بنانے میں مدد ملے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کی ایک ترجیح ماحول کی بہتری ہے ہماری نئی معدنی پالیسی کے تحت صوبے کی معدنیات اور قدرتی وسائل سے سائنسی بنیادوں پر استفادہ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی سے ملکی معیشت بھی بہتر بنے گی جی ڈی پی میں اضافہ ہوگا ، روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور برآمدات کے نئے دروازے کھلیں گے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی خودمختاری کے بعدصوبے کو اپنے معدنی وسائل پر بھی اختیار مل گیا ہے اس مقصد کیلئے صوبے کی معدنی پالیسی بنائی گئی اور اسکی بدولت 21ویں صدی کے اہداف پورے کئے جائینگے انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت چھوٹے اور بڑے پیمانے پر سائنسی بنیاد پر کان کنی اور معدنی ترقی یقینی بنائی جائے گی اور صوبے کی آمدن میں اضافے کے علاوہ معدنیات والے علاقوں کی مقامی آبادی کی ترقی پر بھر پور توجہ دی جائے گی اسی طرح کان کنوں کی تربیت اور تعلیم و صحت کا پورا ہتمام کیا جارہا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیمنٹ ساز اداروں سمیت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں صوبے کے معدنی ذخائر سے استفادے کے مواقع اور مراعات سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے۔