جنرل ہسپتال میں جدید طریقہ سے آنکھ میں باریک سوراخ کے ذریعے پردہ بصارت کے آپریشن شروع،

ایل جی ایچ کا شعبہ امراض چشم اس قسم کے آپریشن کرنے والا پاکستان کا پہلا شعبہ بن گیا ، اس جدید طریقہ علاج میں مریض کو آپریشن کے چند ہی گھنٹوں بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جاتا ہے، ماہرڈاکٹرحسین احمد خاقان

جمعہ 23 جنوری 2015 23:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء) جنرل ہسپتال میں جدید طریقہ سے آنکھوں کے پردہ بصارت کے آپریشن شروع ہو گئے ہیں۔ شعبہ امراض چشم میں تعینات اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حسین احمد خاقان آنکھ میں 27گیج کے سوراخ کے ذریعے یہ آپریشن کامیابی کے ساتھ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین احمد خاقان نے بتایا کہ دنیامیں اس وقت آنکھ کے پردہ بصارت(RETINA) کا آپریشن کرنے کیلئے جو طریقہ رائج ہے اس میں مریض کی آنکھ میں20سے25گیج تک کا سوراخ کیا جاتا ہے جبکہ انہوں نے ایل جی ایچ میں چھوٹے سے چھوٹے سوراخ کے ذریعے آپریشن کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاء ودنیا کے صرف چند ہسپتال ہیں جہاں اس جدید طریقہ سے آنکھوں کے کامیاب آپریشن کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال کا شعبہ امراض چشم ایسے آپریشن کرنے والا پاکستان کا پہلا شعبہ بن گیا ہے یہ آپریشن کرنے کیلئے مریض کی آنکھ میں قطرے(Drops) ڈال کر سن کرتے ہیں تاہم انجیکشن سے بھی لوکل انستھیزیا دیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جدید طریقہ علاج سے مریض کو ہسپتال میں زیر علاج نہیں رہنا پڑتابلکہ آپریشن کے دن ہی چند گھنٹوں بعد مریض کو ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :