خاکے بنانے والوں کی پشت پر صیہونی لابی ہے جس نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے،حافظ محمد ادریس

جمعہ 23 جنوری 2015 23:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ خاکے بنانے والوں کی پشت پر صیہونی لابی ہے جس نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔مسیحی اسلام اور پیغمبر اسلام کی اہانت نہیں کرسکتے ،پوپ فرانسس نے دنیا بھر کے مسیحیوں کی نمائندگی کا حق ادا کردیا۔مسیحی برادری پاکستان سمیت دنیا بھر میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف مسلمانوں کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوکر اظہار یکجہتی کررہی ہے ،عالمی امن کو لادین صیہونیوں سے شدید خطرہ ہے ۔

امریکہ خطے میں چین کے کردار کو محدود کرنے کیلئے بھارتی بالادستی قائم کرناچاہتا ہے ۔اوبامہ کا دورہ بھارت مودی سرکار کی پیٹھ ٹھونکنے اور پاکستان کو سخت پیغام دینے کیلئے ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حکمران امریکہ کے ذہنی غلام اور امریکی ایجنڈے پر عمل پیراہیں ،امریکی دباؤ پر ہی حکمرانوں نے ملک میں دینی قوتوں کودیوار سے لگانے کا پروگرام بنایا ہے ،اب حکومت ایک کے بعد ایک دینی و مذہبی جماعتوں پر پابندیاں عائد کرنے کے امریکی منصوبہ پر عمل کرتے ہوئے ملک میں سیکولر ایجنڈے کو پروان چڑھانے کی کوشش کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے مذہب اورمدارس کے خلاف بل کا پاس ہونا ملک کی اسلامی شناخت کے خاتمہ کی طرف ایک قدم ہے جسے عوام نے مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عقل پر ماتم کرنے کو دل چاہتا ہے جن کے نزدیک مدارس میں پڑھنے والے معصوم طلباء اور حفاظ کرام دہشت گرد اور بوری بند لاشوں ،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خور معصوم ہیں ،انہوں نے کہا کہ اسلام دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا اسلام تو سراسر سلامتی ،محبت و اخوت اور امن کا داعی ہے ۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ امریکہ خطے میں قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جو بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے اورپاکستان کو مجبور کررہا ہے کہ وہ بھارت کا زیر دست بن کررہے ،انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے بعد اب اوبامہ کا دورہ بھارت خطے میں طاقت کے توازن کو بھارت کے حق میں کرنے کی کوشش ہے مگر امریکی کوششیں ناکامی سے دوچار ہونگی ،انہوں نے کہا کہ افغانستا ن میں امریکی و نیٹو فوجوں کی شکست سے امریکہ کے اوسان خطا ہوگئے ہیں اور اب وہ بھارت کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتا ہے۔