پاکستان میں بہت بڑے نام میوزک کی دنیا میں پیداہوئے، پاکستان بہت پیارا ملک ہے جہاں ہمیشہ محبتیں ہی ملی ہیں،گلوکارشمشیر سنگھ مہدی

جمعہ 23 جنوری 2015 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء) معروف بھارتی موسیقار و گلوکارشمشیر سنگھ مہدی نے کہاہے کہ پاکستان میں بہت بڑے نام میوزک کی دنیا میں پیداہوئے جن میں مہدی حسن ،میڈم نورجہاں ،غلام علی،پرویز مہدی قابل ذکر ہیں جن کے فن نے پوری دنیا میں اپنے مداح بنائے،کلاسیکل اور صوفی میوزک کو بہت پسند کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور سیکرٹری افضال طالب نے معززمہمان کو خوش آمدید کہا۔ شمشیر سنگھ مہدی کا کہناتھا کہ پاکستان بہت پیارا ملک ہے جہاں ہمیشہ محبتیں ہی ملی ہیں،30سال قبل امریکہ میں بھائی دلیرسنگھ اور میکاسنگھ کو بلا کر میوزک بینڈ بنایا،آج میرے بھائی پوری بالی ووڈ انڈسٹری پر چھائے ہوئے ہیں،ان دنوں کلاسیکل موسیقی پر بہت توجہ دے رہا ہوں۔

(جاری ہے)

لاہور پریس کلب میںآ کر بہت فخر محسوس کررہا ہوں ۔ان کا کہناتھا کہ پاکستان کے بہت سارے گلوکاروں نے بھارت میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ فن کی سرحدیں نہیں ہوتیں۔فنکاروں کے آنے جانے سے ثقافتی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بہت مضبوط ہوئے ہیں۔سیاسی اور عسکری سطح پر بھی بہتر ی ہونے سے دونوں طرف کی عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے میوزک کو بہتر طریقے سے سمجھنے کے لیے اُستادوں کی خدمت کی۔ ذاکر حسین کے ساتھ 2ماہ طبلے پر سنگت بھی کی۔آج بھی سیکھنے کے عمل سے گزر رہا ہوں۔ اُن کا کہناتھا کہ میں نے پہلا پروگرام 150روپے میں کیا تھا جبکہ ایک ایسا وقت بھی آیا کہ میں نے ڈیڑھ کروڑ روپے لیے۔میرے بھائی دلیر سنگھ مہدی اور میکا سنگھ نے بھارتی انڈسٹری میں بڑا مقام بنایا جبکہ میری بیماری کے دنوں میں میرا بہت خیال رکھا۔

میں اس بار 4سال بعد پاکستا ن آیا ہوں اور دل کرتا ہے کہ ہرسال کئی بار یہاں آوٴں۔ماضی میں فلم”تیرے پیار میں“میں اداکاری کرچکا ہوں ان دنوں فلمسٹارگووندا کی نئی فلم ”جھمیلے پر جھمیلے “کا میوزک تیار کررہا ہوں جبکہ اس فلم کی گلوکاری بھی خودکررہاہوں۔ پروگرام کے آخر میں صدر ارشد انصاری نے شمشیر سنگھ مہدی کو سوینئر اور پھول پیش کئے۔ماڈل و اداکار موسی خان نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :