موجودہ حکومت نے اپنی نااہلی کی بدترین مثال قائم کی ہے

اور لوگ اب ان سے تنگ آچکے ہیں اور وہ انکو مزید ،برداشت کرنے کو ہرگز تیار نہیں، منظور احمد وٹو

جمعہ 23 جنوری 2015 23:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء )پیپلزپارٹی نے ننکانہ میں خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ابھی امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ یہ فیصلہ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو کے زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی نااہلی کی بدترین مثال قائم کی ہے اور لوگ اب ان سے تنگ آچکے ہیں اور وہ انکو مزید برداشت کرنے کو ہرگز تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب میں لوگ پہلے ہی مبتلا تھے اور اوپر سے پٹرول غائب ہونے سے لوگوں کی اس حکومت سے خیر کی تمام امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ تنویر اشرف کائرہ نے اس موقع پر کہا کہ انکو موجودہ حکومت کی دہشتگردی کے خلاف کامیابی کے امکانات اتنے روشن نظر نہیں آتے اسکے باوجود کہ تمام قومی سیاسی قیادت اور عوام انکی بھرپور حمایت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران ویثرن سے عاری اور کنفیوژن کا شکار ہیں انکے ہوتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنا اگر نا ممکن نہیں تو انتہائی مشکل ضرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاسی جماعتوں کا استحصال دہشتگردی کا حواّ کھڑا کر کے نہ کرے اور اپنی پوری توجہ اب نیشنل ایکشن پلان کو جلد یکسوئی کے ساتھ عملی جامہ پہنانے پر مرکوز کرے۔

چوہدری منظور احمد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نجکاری کی غیر قانونی اور بے رحم پالیسی کو مزدوروں کے حقوق کی قیمت پر ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پالیسی چند سرمایہ داروں کو بے پناہ فائدہ پہنچانے کے لیے عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرائیویٹ بینکوں کو بھی قانونی حد سے تجاوز کر کے بے پناہ قرضے لئے ہیں جس سے بینکنگ سیکٹر کنگال ہونے کے قریب آ گیا ہے۔