گوادر کاشغر منصوبے کا روٹ تبدیل کرنا پختونوں کے معاشی قتل کے مترادف ہوگا،سلیم خان ایڈووکیٹ،

پاکستان صرف پنجاب کا نام نہیں ہے ،ملک میں ہمیشہ چھوٹے صوبوں ،قومیتوں کیساتھ نا انصافی کی گئی ہے،قومی وطن پارٹی مرکزی ترجمان

جمعہ 23 جنوری 2015 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23جنوری۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور پارٹی کے مرکزی ترجمان سلیم خان ایڈوکیٹ نے مرکزی سیکرٹریٹ سے ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کاشغر منصوبے کا پہلے سے تجویز کردہ روٹ کو تبدیل کرنا پختونوں بالخصوص خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے پسماندہ ترین اضلاع بنوں ، ڈیرہ اسما عیل خان اور ژوب کے لوگوں کے معاشی قتل کے مترادف ہوگا اور اس ظلم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس روٹ کو چین نے اس لئے تجویز کیا تھا تاکہ صوبہ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے پسماندہ ترین اور دہشت گردی کی جنگ سے تباہ حال پختون علاقوں کو معاشی ترقی دی جاسکے اور تجویز کے مطابق روٹ کاشغر سے براستہ قراقرم، حسن ابدال اور میانوالی سے ہوتا ہوا بنوں ڈیرہ اسماعیل خان اور پھر ژوب سے ہوتا ہوا کوئٹہ سے گوادر جانا تھااور یاد رہے کہ اس روٹ پر جگہ جگہ انڈسٹر یل ا سٹیٹ اور ایک بہت بڑی ریلوے ٹریک بچھائی جائیگی جس سے یہ پسماندہ پختون بیلٹ معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

اب حکومت اس روٹ کو تبدیل کرنے کے درپے ہے اور اس کو حسن ابدال سے براستہ موٹر وے پنجاب سے گزارکر کراچی اور پھر گوادر تک لے جاناچاہتاہے جوکہ صرف پنجاب کو مذید ترقی دیکر دہشت گردی کی جنگ سے تباہ حال پختون علاقوں کو معاشی ترقی سے محروم کرنا ہے حالانکہ چین بھی یہی چاہتا ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان کے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے پختون بیلٹ کو معاشی ترقی دی جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صرف پنجاب کا نام نہیں ہے اور اس ملک میں ہمیشہ چھوٹے صوبوں اور قومیتوں کے ساتھ نا انصافی کی گئی ہے۔قومی وطن پارٹی اس ظالمانہ اقدام کی بھر پورمذمت کرتی ہے اور ہر سطح پر اس کی مزاحمت کی جائے گی ۔