فیصل آباد،ضلعی انتظامیہ کا کھانے پینے کی اشیاء کے ملاوٹ مافیا کیخلاف اطلاع دھندہ کے لئے 10ہزارروپے کے انعام کا اعلان

جمعہ 23 جنوری 2015 23:34

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23جنوری۔2015ء ) ضلعی انتظامیہ نے کھانے پینے کی اشیاء کے ملاوٹ مافیا کیخلاف اطلاع دھندہ کے لئے 10ہزارروپے کے انعام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ محب وطن شہری اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف خفیہ اطلاعات فراہم کریں ان کا نام صیغہ راز میں رکھاجائے گا۔شہری ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم کے فون نمبر041-9201491-92پر ملاوٹ مافیا کیخلاف معلومات فراہم کراسکتے ہیں۔

اس امر کااعلان ڈی سی اونورالامین مینگل نے ڈسٹرکٹ فوڈ کوالٹی کنٹرول بورڈ کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنرزمحکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں خواجہ شاہد رزاق سکا،وحید خالق رامے،محمود عالم جٹ،میاں آصف اسلم،سہیل نیازطور،رائے اعجاز حسین،غضنفر ناطق ودیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کے مکروہ دھندے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث مافیا کے قلع قمع کے لئے شہریوں کاتعاون ناگزیر ہے لہذا ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے والی فیکڑیوں وٹھکانوں کا سراغ لگانے میں مدد فراہم کی جائے ۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کررکھا ہے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی 20چھاپہ مار ٹیمیں سرگرم عمل ہیں جن میں زرعی یونیورسٹی کے شعبہ فوڈ ٹیکنالوجی کے طالب علموں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ وہ پیورفوڈ لائسنز کے اجراء کے وقت ہوٹلوں،بیکریوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی فروخت کے دکانوں کے مالکان کو پابند بنائیں کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول رومز کے نمبرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ ملاوٹ کی کسی شکایت کی صورت میں شہری فوری اطلاع کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :