لبنان کے پانچ فوجی شامی سرحد پر جھڑپ میں ہلاک

ہفتہ 24 جنوری 2015 12:24

بیروت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء )لبنان کی فوج کا کہنا ہے کہ شام کی سرحد کے قریب شدت پسندوں سے جھڑپ میں پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق آرسل کے قریب گاوٴں راس بلالبک میں ہونے والی اس جھڑپ میں نو شدت پسند بھی مارے گئے ہیں۔ابھی تک کسی شدت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔اس علاقے میں پہلی بھی شام میں سرگرم شدت پسند گروپ حملے کر چکے ہیں۔

گذشتہ سال اگست میں شدت پسندں نے آرسل کے علاقے پر حملے کر کے لبنانی فوجیوں کو اغوا کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

اغوا کیے جانے والے بعض فوجیوں کو بعد میں قتل کر دیا گیا تھا۔آرسل میں اگست میں ہی شدت پسندوں کے ساتھ کئی روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے تھے۔شام میں سال 2011 سے جاری تنازعے کی وجہ سے لبنان کی سکیورٹی کافی متاثر ہوئی ہے جبکہ ملک میں سیاسی بحران بھی جاری ہے۔

لبنان میں گذشتہ سال مئی سے صدر کا عہدہ خالی پڑا ہے۔لبنان کے سرحدی علاقوں میں اس سے پہلے لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ اور شامی حکومت کے مخالف باغیوں کے مابین جھڑپیں ہو چکی ہیں۔ 50 لاکھ کی آبادی والے ملک لبنان میں شام سے آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد بھی 10 لاکھ سے زیادہ ہے۔