پاکستان کرکٹ ٹیم نے طویل سفر کے بعد نیوزی لینڈ پہنچنے کی تھکن اتار لی، تازہ دم ہوکر مشن ورلڈ کپ میں حریف ٹیموں پر چڑھائی کی تیاریاں شروع کردیں

ہفتہ 24 جنوری 2015 12:26

پاکستان کرکٹ ٹیم نے طویل سفر کے بعد نیوزی لینڈ پہنچنے کی تھکن اتار لی، ..

کرائسٹ چرچ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم نے طویل سفر کے بعد نیوزی لینڈ پہنچنے کی تھکن اتار لی، اور تازہ دم ہوکر مشن ورلڈ کپ میں حریف ٹیموں پر چڑھائی کی تیاریاں شروع کردیں۔ میگا ایونٹ سے قبل گرین شرٹس اپنی صلاحیتوں کی حتمی آزمائش نیوزی لینڈ کے خلاف دو ون ڈے انٹرنیشنلز سے کریں گے۔ مختصر دورے سے قبل پاکستانی کرکٹرز نے نیٹ پریکٹس سے تیاریوں کا آغاز کردیا۔

نیوزی لینڈ کی سر زمین پر قدم رکھتے ہی پاکستان کرکٹ کی خوشگوار یادیں پھر سے تازہ ہوگئیں۔1992میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیامیں ہونے والے مشترکہ عالمی کپ میں پاکستان چیمپئن بنا تھا اور 23سال بعد تاریخ کو دہرانے کے لئے پاکستانی کرکٹرز نے نیوزی لینڈ میں پھر سے ڈیرے ڈال لئے۔ ورلڈ کپ مشن سے پہلے کیویز کے خلاف دو میچز کی سیریز ٹیم کے لئے کڑا امتحان ہوگی۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی وکٹوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے قومی ٹیم پریذیڈنٹ الیون کے خلاف اتوار اور منگل کو دو وارم میچ کھیلے گی۔ جس کے بعد بلیک کیپس سے ون ڈے میں ٹاکرا ہوگا، ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل متعدد کھلاڑی پہلی بار نیوزی لینڈ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پاکستانی شاہین 2011 بعد نیوزی لینڈ کی سرزمین پر کھیلتے دکھائی دیں گے۔قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے دل کھول کر بیٹنگ، فیلڈنگ اور بو لنگ پریکٹس کی، قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے بھی ٹیم کو جوائن کر لیا، قومی ٹیم 31جنوری اور3 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی، کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ قابل دید نظر آرہا تھا،پر کھلاڑی پر یکٹس سیشن میں بھر پور محنت کرتا ہوا دکھائی دیا۔

متعلقہ عنوان :