حکومت پنجاب نے پٹرول بحران کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا ، بابر اعوان

ہفتہ 24 جنوری 2015 12:29

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے پٹرول بحران کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا ، اسحاق ڈار نے اپنے ایک رشتہ دار کو اعلیٰ حکومتی عہدوں سے نوازا اور ان کو اعلیٰ اداروں کا کنسٹلنٹ اور ایڈوائزر بھی بنا دیا گیا،بڑے ایوانوں کی فیصلہ سازی گھروں میں ہورہی ہے اور نچلی سطح پر کچھ نہیں ہورہا ،پرویز مشرف کو سعودی عرب جانے کی اجازت دینے پر حکومت کو اخلاقی دباؤ آئے گا، بھارت امریکی صدر اوبامہ سے ایسا بیان دلوانا چاہتا ہے جس سے پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا ملے اور فسادات ہوں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنا چاہتا ہے اور اس کیلئے وہ امریکی صدر کے دورے کو اپنے موقف کی حمایت کیلئے استعمال کرنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کا کہ انہوں نے اپنے ایک رشتہ دار زاہد مظفر کو حکومت کے اعلیٰ عہدوں سے نوازا اور ان کو اعلیٰ اداروں کا کنسٹلنٹ اور ایڈوائزر بھی بنا دیا گیا ۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے پٹرول بحران کے حوالے سے کہا کہ حکومت پنجاب نے اس بحران کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا ۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ بیس ارب 67کروڑ کا بجٹ جو اس پروگرام کے لئے مختص کیا گیا تھا اس رقم کو حکومتی شخصیات نے اپنے دوستوں کے بینکوں میں رکھا جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا ۔

انہوں نے کہا کہ ماتحت عدالتوں نے اس وقت ہزاروں کی تعداد میں خالی آسامیاں موجود ہیں ۔ عمران خان کے سینٹ میں الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابراعوا ن نے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ بالکل درست ہے اور پی ٹی آئی کو آٹھ سے دس سیٹیں ملنے کا امکان ہے ۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑے ایوانوں کی فیصلہ سازی گھروں میں ہورہی ہے اور نچلی سطح پر کچھ نہیں ہورہا ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق صدرپرویز مشرف کو سعودی عرب جانے کی اجازت دینے پر حکومت کو اخلاقی دباؤ آئے گا ۔ پنجاب میں سکول بچوں پر پولیس تشدد کے حوالے سے اظہار رائے کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس حکومت کے کنٹرول سے باہر ہے اور لگتا ہے کہ پورا پنجاب لاوارث ہوگیا ہے