اسرائیلی فوج نے بیت لحم میں عارضی طور پر قائم گاؤں دوسری مرتبہ مسمار کردیا، ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے

ہفتہ 24 جنوری 2015 12:44

بیت لحم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں عارضی طور پر قائم گاؤں کو دوسری مرتبہ مسمار کردیا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کی جانب سے بیت لحم کے علاقے دوار اور گوش عتصیون یہودی کالونی کے قریب فلسطینی شہریوں نے شہید فلسطینی زیاد ابو عین کی یاد میں ایک بستی بنا رکھی تھی جسے چند روز قبل مسمار کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

فلسطینی شہریوں نے بستی کے خیمے دوبارہ تعمیر کئے تھے جنہیں گزشتہ روز قابض فوج نے دوبارہ مسمار کر ڈالا۔چند روز پیشتر بستی کے قیام کے چند گھنٹے بعد صہیونی فوج نے بلڈوزروں کی مدد سے چڑھائی کردی تھی جس کے بعد وہاں پر موجود خواتین اور بچوں کو گن پوائنٹ پر گھروں سے نکالا گیا اور پھر بلڈوزر کچے مکانوں اور خیموں پر چڑھا دیئے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج نے گاؤں کی مسماری سے قبل اس کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے۔ فلسطینی شہریوں نے صہیونی فوج کی جارحیت کے رد عمل میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور قابض فوج کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا ،جوابی کارروائی میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :