شدید سردی کے باوجو بجلی کی طلب اور رسد میں فرق 6ہزار سے بڑھنے سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹوں سے تجاوز کرگیا

ہفتہ 24 جنوری 2015 13:31

شدید سردی کے باوجو بجلی کی طلب اور رسد میں فرق 6ہزار سے بڑھنے سے لوڈ ..

لاہور /اسلام آباد /فیصل آباد /کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) ملک بھر میں شدید سردی کے باوجود بجلی کی طلب اور رسد میں فرق 6ہزار سے تجاوز کرگیا ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹوں سے بھی بڑھ گیا ہے، لاہورمیں ٹاؤن شپ انڈسٹریل زون کی فیکٹریاں بند ہونے پر صنعت کار اور مزدور سڑکوں پر آگئے اور لیسکو کا گھیراؤکرنے کی دھمکی دیدی۔

گیس، فرنس آئل اور فنڈز کی کمی کے باعث ملک میں شدید سردی کے باوجود بجلی کا بحران بڑھ رہا ہے، ڈیرہ مراد جمالی سے گزرنے والی گیس پائپ لائن تباہ ہونے سے اوچ ون پاور پلانٹ سے 500میگاواٹ اور اوچ ٹو سے 300میگاواٹ بجلی کی پیداوارمعطل ہوگئی، اس کے علاوہ فرنس آئل نہ ملنے کی وجہ سے حبکو، ایای ایس لعل پیر، روش اور اورینٹ پاور پلانٹس کو فرنس آئل کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے عکاوہ مظفر گڑھ تھرمل پاور پلانٹ کے 6میں سے 4پیداواری یونٹ اور کوٹ ادو پاور پلانٹ کے15میں سے 10ٹربائن بند ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

پیپکو حکام کے مطابق اس وقت بجلی کا شارٹ فال 7ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، اس کے علاوہ 945فیڈرز لوڈ شیڈنگ سے مستثنی ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سارا بوجھ عام صارفین پر پڑرہا ہے، پنجاب کے شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14جبکہ دیہی علاقوں میں 18گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور لوگ 18گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔

لاہور کے سب سے بڑے صنعتی علاقے ٹاؤن شپ میں بجلی کی غیر اعلانی لوڈشیڈنگ سے سینکڑوں صنعتی یونٹ بند پڑے ہیں ، بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ کے خلاف صنعت کار اور مزدوروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی بھی نکالی ۔ صدر ٹاؤن شپ انڈسٹریل اسٹیٹ ظہیر بھٹہ کا کہنا تھا کہ لیسکو چیف معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، 18گھنٹے بجلی نہیں ملتی، فیکٹریاں کیسے چلائیں۔

جبکہ صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ باربارٹرپننگ سے خام مال خراب اور کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ،ہزاروں مزدور فارغ ہو رہے ہیں ،سردیوں میں یہ حال ہے تو گرمیوں میں کیا بنے گا۔لسیکو حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کوٹے سے کہیں کم بجلی مل رہی ہے ، اس لیے شیڈول پر عمل ممکن نہیں، تاہم اگلے ہفتے معاملات بہتر ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب وزارت پانی و بجلی نے لوڈ شیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔

جس کے مطابق گھریلو صارفین کے لئے 7اور صنعتی سیکٹر کے لئے 8گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو گی ۔ صنعتی سیکٹر کو رات 2بجے کے بعد 16گھنٹے کے لئے بجلی فراہم کی جائے گی ، فرنس ملز شام 4بجے سے 16گھنٹے کے لئے بجلی حاصل کر سکیں گی جبکہ شہر سے ملحقہ علاقوں میں 9گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائیگی ۔ وزارت پانی و بجلی نے لوڈ شیڈنگ کا نیا شیڈول لیسکو حکام کو بھجوا دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :