حکومت دھاندلی کی تحقیقات کیلئے با اختیار جوڈیشل کمیشن بنانے میں مخلص نہیں‘ انجینئر یاسر گیلانی

ہفتہ 24 جنوری 2015 13:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے نائب صدر انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت دھاندلی کی تحقیقات کے لئے با اختیار جوڈیشل کمیشن بنانے میں مخلص نہیں، حکومت لولی لنگڑی تحقیقات کروا کر تحفظ حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن تحریک انصاف حکمرانوں کے مقاصد پورے نہیں ہونے دے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یو سی 5 کے عہدیداران ملک عمران صفدر، میاں مقصود احمد، ارشد خان، حسن بشیر، اجمل بلوچ، سرفراز احمد، محمد شکیل اور رضوان بابو کے ہمراہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا، اجلاس میں مذکورہ یونین کونسل کی سیاسی و تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

یاسر گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پیپلز پارٹی کے دورِ حکمرانی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات سے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے جس سے عوام کو حقیق ریلیف ملے گا۔