سبزیوں کی بروقت دستیابی، فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے سبزیوں کی سخت سردی، کورے سے حفاظت ضروری ہے، محکمہ زراعت

ہفتہ 24 جنوری 2015 13:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے سبزیوں کی سخت سردی اور کورے سے حفاظت ضروری ہے۔ ترجمان کے مطابق سبزیوں کی بروقت دستیابی اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے سبزیوں کی سخت سردی اور کورے سے حفاظت ضروری ہے کیونکہ سردی کے موسم میں کورے کی وجہ سے پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں موجود پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری برُی طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر بھی جاتے ہیں۔

ایک بیان میں ترجمان نے سبزیوں کے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ سخت سردی اور کورے سے سبزیوں کی حفاظت کیلئے آبپاشی کا وقفہ کم کردیں اور ہلکی آبپاشی کریں۔ سبزیوں کے اردگرد بھوسہ، پرالی یا گھاس وغیرہ جلا کر دھواں کا اہتمام کریں۔

(جاری ہے)

چھوٹی سبزیوں یا نرسریوں کو رات کے وقت پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اور سبزیوں کے کھیت کے شمال کی طرف سرکنڈہ لگا دیں تاکہ سبزیاں ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سبزیوں کے کاشتکار محکمہ زراعت کے متعلقہ شعبہ کے ماہرین کی فنی و تکنیکی رہنمائی سے سبزیوں کی سخت سردی، کورے، بیماریوں اور کیڑوں کا مناسب انسداد کرسکتے ہیں جس سے سبزیوں کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے علاوہ کاشتکاروں کی اپنی استعدادِ کار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔