کاشتکار انگور کے پودے 15 فروری تک کھیتوں میں لگائیں، محکمہ زراعت

ہفتہ 24 جنوری 2015 14:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو انگور کے پودے 15 فروری تک کھیتوں میں لگا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت یہ پودے خوابیدگی کے عمل میں ہوتے ہیں اور آسانی سے جڑیں پکڑ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ باغبان انگور کے پودوں کی داغ بیل کے وقت خیال رکھیں کہ پودے کھیت کی بیرونی حد سے تقریباً 10 فٹ اندر کی طرف لگائے جائیں اس طریقے سے ایک ایکڑ میں تقریباً 720 پودے لگائے جا سکتے ہیں۔

انگور کی کاشت تقریباً ہر قسم کی زمین میں کی جا سکتی ہے تاہم انگور کی کامیاب کاشت کیلئے درمیانی زرخیز، ہلکی میرا اور مناسب مقدار میں نامیاتی مادہ رکھنے والی زمین موزوں ہے۔ انگور کے پودے لگانے سے پہلے زمین کو اچھی طرح ہموار کر لیں تاکہ گرم خشک موسم کے دوران آبپاشی کا عمل بہتر طور پر انجام دیا جا سکے۔