مقبوضہ کشمیر: آزادی پسند رہنماؤں کا سعودی فرمانروا شاہ عبدللہ کے انتقال پر اظہار رنج وغم

ہفتہ 24 جنوری 2015 14:33

سرینگر( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں نے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر انتہائی رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے سعودی عوام اور شاہی خانوادے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری بیان میں خادمین الحرمین الشریفین شاہ محمد عبداللہ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اور کشمیریوں کی جانب سے سعودی عرب کے شاہی خاندان اور سعودی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

میر واعظ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم کشمیر کاز کے نہ صرف زبردست حامی تھے بلکہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ایک دیر پا حل کے بھی متمنی تھے۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ مرحوم شاہ کے انتقال سے عالم اسلام ایک مدبر اور اعلیٰ رہنما سے محروم ہو گیا ہے جس کی تلافی کے لئے مدت درکار ہوگی۔ حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے اپنے بیان میں شاہ محمد عبداللہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے لئے مرحوم اور ان کے خاندان کی دینی و سیاسی خدمات لائق تحسین ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں ظفر اکبر بٹ اور جاوید احمد میرنے شاہ عبداللہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عوام اور مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ جمعیت اہلحدیث حدیث جموں کشمیر کے صدر الشیخ غلام محمد بٹ المدنی، ناظم اعلی ڈاکٹر عبد اللطیف الکندی اور دیگر رہنماؤں نے شاہ محمد عبداللہ کی وفات پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :