آزاد خطہ کسی سیاسی عدم استحکام کامتحمل نہیں ہوسکتا ،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فوج ،قوم ایک ہیں ،چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:03

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ آزاد خطہ کسی سیاسی عدم استحکام کامتحمل نہیں ہوسکتا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج اور قوم ایک ہیں مفاہمت کی سیاست اور گڈگورنس کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے رہیں گے۔پیپلزپارٹی کی حکومت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول اور آزادکشمیر کو تعمیر وترقی کے لحاظ سے مثالی خطہ بنانے کا ایجنڈا پورا کرے گی بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر سیاسی اور فوجی اعتبار سے ناکامی کے بعد ورکنگ باؤنڈری اور جنگ بندی پر سول آبادی کو نشانہ بنارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔

وہ جمعہ کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزادکشمیر ایک حساس خطہ ہے جس میں سیاسی استحکام برقرار رہنا ضروری ہے دہشتگردوں کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے قومی اتحاد ویکجہتی ناگزیر ہے اور الله تعالیٰ کے فضل وکرم سے دہشتگردی کے خلاف مسلح افواج اور سیاسی جماعتوں نے مثالی اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کر کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر بھی مفاہمت ،رواداری اور برداشت کی سیاست کی قدروں کومزید مستحکم بنانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اپنا اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلح افواج نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں فوج کو قوم کامکمل اعتماد اور پشت پناہی حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کے اہداف میں تحریک آزادی کشمیر کو مزید تیز کرنا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا، آزادکشمیرمیں تعلیمی انقلاب لانا اور صحت اور انفراسٹریکچر کے شعبوں کو مزید مستحکم بنانا ہے حکومت نے اپنے ساڑھے تین سال سے زائد عرصہ میں پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے انتخابی منشور کے مطابق ان اہداف کے حصول کے لیے بڑی پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ 67سال میں پہلی بار ہوا ہے کہ آزادکشمیر کے تینوں ڈویژنز میں الگ الگ میڈیکل کالجز نہ صرف قائم کیے گئے بلکہ ان کو کامیابی کے ساتھ چلایا بھی جارہا ہے۔ہر ضلع میں یونیورسٹی ،بہترین ہسپتال اور بین الاضلاعی بہترین سڑکوں کی تعمیرہماری ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے آزادکشمیر میں میگا ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت شروع ہوچکی ہے اور اس سلسلہ میں اربوں روپے کی منظوری بھی ہوچکی ہے۔

ایک سوال پر وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت بری طرح ناکام اور کشمیری عوام کی نظروں میں گر چکا ہے اب اس کے پاس ایک ہی راستہ باقی ہے کہ وہ کشمیر یوں کو اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے کر اپنا بوریا بستر لپیٹ لے۔وزیراعظم نے کہاکہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :