حکومت پاکستان توہین آمیز خاکوں پر فرانسیسی حکومت کیخلاف سخت احتجاج کرے‘ جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراورسیکرٹری جنرل نذیراحمد جنجوعہ نے کہاہے کہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج پورے ملک میں جاری ہے، انشاء اللہ اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی میں عظیم الشان ”تحفظ ناموس رسالت“ملین مارچ ہوں گے، 25جنوری کولاہور اور کراچی کے ملین مارچوں میں لاکھوں عاشقان رسول شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان توہین آمیز خاکوں پر خاموشی کی بجائے سخت نوٹس لے اور فرانس کی حکومت سے اس معاملہ پر شدید احتجاج کیاجائے۔نبی کریم سے محبت ہمارے ایمان کاحصہ ہے اور حضورنبی اکرم کی شان اقدس میں گستاخی کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلامی سربراہی کانفرنس کاجلداجلاس بلایاجائے۔حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک کوگستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے اپنابھرپور کردار اداکرے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں واضح طور پر لکھا ہے کہ مذاہب اور مقدس ہستیوں کی توہین نہیں کی جاسکتی ۔اقوام متحدہ کومغربی ممالک پرزور ڈالناچاہئے کہ وہ مذاہب اورانبیاء کرام کی توہین کے سلسلہ کوفوری روکیں اورفرانسیسی جریدے کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ مغربی اقوام کی مسلم دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے اگرامریکہ اور یورپی ممالک دنیا میں امن چاہتے ہیں تو ان کو اپنے رویئے پر نظر ثانی کرناہوگی۔

جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ ایک طرف عالمی امن کے نام نہاد علمبردار مغربی ممالک مسلمانوں پر دہشت گردی کابے بنیاد اور جھوٹا الزام لگاتے ہیں جبکہ دوسری طرف وہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرکے خود دنیا کوانتہاء پسندی اور شدت پسندی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔