ہم بہت جلد دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ باہر پھینکیں گے‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں دبئی سے مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار ملک دانش اعوان نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بہاولپور سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی احسان الحق اور مسلم لیگ (ن) یورپ کے کوارڈینیٹر حافظ امیر علی اعوان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ قانون کی بالادستی ، انصاف کی فراہمی ، غربت اور جہالت کے خاتمے کے لئے ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہوگی تبھی ہم ایک خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اس وقت ہمارا ملک مختلف مسائل سے دوچار ہے۔

دہشت گردی اور انتہاپسند ی کے خاتمے کے لئے نہ صرف ہماری مسلح افواج بلکہ پوری قوم ایک نقطہ پر اکٹھی کھڑی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم بہت جلد دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ باہر پھینکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو اپنے تمام تر ذاتی مفادات سے بلا تر ہو کر ملک و قوم کی بھلائی اور ترقی کے لئے یکجا ہوکوششیں کرنا ہوں گی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) دبئی کے عہدیدار ملک دانش اعوان نے مختلف مسائل کے بارے میں گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :