این اے 122 کی تحقیقات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، حکومت کمیشن کے قیام پر سنجیدہ نہیں: شیریں مزاری

ہفتہ 24 جنوری 2015 17:05

این اے 122 کی تحقیقات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، حکومت کمیشن کے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جنوری2015ء)پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت کا یہ کہنا کہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی سفید جھوٹ ہے، این اے 122 کی تحقیقات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ حکومت این اے 122 کے معاملے پر قوم سے جھوٹ بولنا بند کرے کیونکہ اس حلقے میں میں ہونے والی دھاندلیوں کا انکشاف اعتزاز احسن بھی کر چکے ہیں اور ایاز صادق سپیکر کے عہدے پر برقرار رہنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف رنگوں کے بیلٹ پیپرز کا نکشاف لوکل کمیشن کے جج نے بھی کیا ہے جبکہ سیریل نمبر کے بغیر بیلٹ پیپرز کی کوئی حیثیت نہیں۔ شیریں مزاری نے واضح کیا کہ تحریک انصاف 2013ءکے انتخابات کا حساب چاہتی ہے لیکن حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام پر سنجیدہ نہیں ہے۔