عراق،آئی ایس نے دو صحافیوں سمیت سات افراد کو قتل کردیا

ہفتہ 24 جنوری 2015 17:14

بغداد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) دولت اسلامیہ(آئی ایس)گروپ نے گزشتہ روز بغداد کے شمالی علاقے مقتدیہ میں دو صحافیوں سمیت سات افراد کو ہلاک کردیاہے،یہ بات ملازمین اور حکام نے بتائی۔مقامی منیجر کریم فدال کے مطابق الغدیر سیٹلائٹ ٹیلی ویژن سے تعلق رکھنے والے علی الانصاری اور ایک نامعلوم صحافی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔

صوبہ دیالا کے سربراہ اودے عبدالکریم نے بتایا کہ سرکاری ٹیلی ویژن عراقیہ سے تعلق رکھنے والے مصطفیٰ حامد اور قوسے صاحب زخمی ہوئے ہیں۔واقعہ سے متعلق تعداد میں اختلاف پایا جارہا ہے،بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتدیہ پر شیل فائر کئے گئے ہیں جبکہ دیگر رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شمالی قصبے میں بمباری اور تصادم ہوا ہے۔سیکورٹی اور طبی حکام کا کہنا ہے کہ پانچ ملیشیاء اہلکار ہلاک اور دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

عراق صحافیوں کیلئے دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں سے طویل عرصے سے ایک ملک ہے اور یہ گزشتہ موسم گرما میں ملک کے ایک بڑے حصے میں دولت اسلامیہ کی مسلسل کارروائیوں کے بعد مزید خطرناک بن گیا ہے۔جہادی گروپ نے سرقلم کئے گئے صحافیوں کی ویڈیو بنائی ہے اور علاقوں میں رپورٹنگ کرنے والوں کو دھمکیاں دی ہیں۔میڈیا حقوق واچ ڈاگ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق گزشتہ سال عراق میں چار صحافی ہلاک کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :