بھارتی یوم جمہوریہ ،مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے،کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا

ہفتہ 24 جنوری 2015 17:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) قابض انتظامیہ نے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے سلسلے میں مقبوضہ علاقے میں نام نہاد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں جس سے کشمیریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو گیاہے ۔اطلاعات کے مطابق لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کیلئے سرینگر اور دیگر قصبوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سرینگر ،جموں میں داخل ہونیوالے تمام راستوں پر چیک پوسٹیں قا ئم اور رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ سرینگر اور دوسرے شہروں میں جگہ جگہ راہگیروں ، گاڑیوں اورمسافروں کی چیکنگ اورانکی شناخت پریڈ کرائی جا رہی ہے۔ بخشی سٹیڈیم سرینگر جہاں یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب منعقد ہو گی کی طرف جانے والی تمام سڑکیں سیل کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سٹیڈیم پر نظر رکھنے کیلئے اس کے اطراف میں واقع اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ لوگوں کی نقل و حریت پر کڑی نظر رکھنے کیلئے سرینگر اور جموں کے تمام حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں ہیں ۔ سرینگر میں داخل ہونے والی ہر گاڑی اور مسافروں کی تلاشی لی جارہی ہیں اور شہریوں کے شناختی کارڈ چیک کیے جا رہے ہیں۔ مقبوضہ علاقے کے دیگر قصبوں میں بھی اس طرح کے اقدامات کے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :